
10/10/2025
جامع مسجد گلگت میں قاضی نثار احمد کا پرجوش خطاب.... امن، اتحاد اور صبر پر زور
گلگت (10 اکتوبر 2025) جامع مسجد گلگت میں آج امیر اہلِ سنت و الجماعت گلگت بلتستان مولانا قاضی نثار احمد نے جمعے کے خطبے میں امن، اتحاد اور صبر کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ نظریاتی اختلافات کے باوجود قومی ہم آہنگی اور بھائی چارہ برقرار رکھنا ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔
حال ہی میں قاتلانہ حملے سے محفوظ رہنے کے بعد مولانا قاضی نثار احمد کا یہ پہلا عوامی خطاب تھا، جسے شہریوں کی بڑی تعداد نے سنا۔ انہوں نے کہا کہ “اصولی اختلاف کے باوجود ہمیں امن عزیز ہے، ہمارے مفادات اور حقوق مشترک ہیں۔”
مولانا قاضی نثار احمد نے عوام سے اپیل کی کہ وہ افواہوں سے گریز کریں اور حالات میں حوصلہ و احتیاط کا مظاہرہ کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ “ہم پاکستانی ہیں، پاکستان سے کسی کو ٹکرانے نہیں دیں گے۔”
انہوں نے اپنے خطاب میں معاشرتی انصاف پر زور دیتے ہوئے کہا کہ “کسی مزدور اور مسافر کو تنگ نہ کیا جائے، ہر فرد عزت و احترام کا مستحق ہے۔”
حکمرانوں اور اداروں سے مخاطب ہوتے ہوئے انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملک کو اسلامی قوانین کے تحت چلایا جائے تاکہ ریاست اپنے قیام کے مقاصد پورے کر سکے۔
مولانا قاضی نثار احمد نے اپنے محافظ پولیس اہلکاروں کے لیے خصوصی دعائیں بھی کیں اور حکومت سے ان کے لیے انعام و اعزاز کی سفارش کی۔