21/07/2026
تھانہ کوٹ عبدالمالک( شیخوپورہ) کی حدود میں ایک افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک ضعیف جوڑے نے اپنے ہی بیٹے پر تشدد، ہراساں کرنے اور جھوٹے الزامات لگانے کا الزام عائد کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے انصاف کی اپیل کی ہے۔
متاثرہ والدین کے مطابق ان کے بیٹے نے ان پر تین تولے طلائی زیورات اور ایک لاکھ روپے نقد چوری کرنے کا الزام لگا کر مقدمہ درج کرنے کی درخواست دے رکھی ہے، جس کے باعث انہیں بار بار تھانے میں انکوائری کے لیے طلب کیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس صورتحال نے انہیں شدید ذہنی اذیت سے دوچار کر دیا ہے اور محلے میں بھی انہیں شرمندگی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
بوڑھے والد کا کہنا ہے کہ ان کا بیٹا آئے روز انہیں تشدد کا نشانہ بناتا ہے اور مبینہ طور پر دھمکیاں دیتا ہے کہ جب تک انہیں جیل نہیں بھجوائے گا، اس کی بیوی خوش نہیں ہوگی۔
متاثرہ والد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جذباتی انداز میں بتایا کہ بچپن میں جب ان کا بیٹا شدید بیمار ہوا تھا تو اس کی صحت یابی کے لیے انہوں نے ہر ممکن کوشش کی۔ ان کے بقول، والدہ ننگے پاؤں مزارات پر جا کر اس کی زندگی کے لیے دعائیں مانگتی تھیں، یہاں تک کہ ان کے پاؤں میں چھالے پڑ جاتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بڑی محبت اور محنت سے بیٹے کی پرورش کی، لیکن آج وہی بیٹا ان کے ساتھ ناروا سلوک کر رہا ہے۔
والدین کا کہنا ہے کہ بیٹا نہ صرف ان پر تشدد کرتا ہے بلکہ گھر آنے والے مہمانوں کی معمولی ضروریات کے لیے بھی ان سے پیسے طلب کرتا تھا۔ ان کا دعویٰ ہے کہ حالات اس نہج پر پہنچ چکے ہیں کہ انہوں نے میڈیا کے ذریعے اپنے بیٹے سے اپیل کی ہے کہ وہ انہیں مزید تنگ نہ کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ بھیک مانگ کر گزارا کر لیں گے، لیکن دوبارہ اپنے بیٹے کے گھر کی دہلیز پر قدم نہیں رکھیں گے۔
متاثرہ والدین نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، پولیس کے اعلیٰ حکام اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کر کے انہیں انصاف اور تحفظ فراہم کیا جائے۔