06/08/2026
راولاکوٹ: ڈی چوک میں یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر ببرک خان کا انتخابات سے دستبرداری، لاتعلقی اور بائیکاٹ کا اعلان
راولاکوٹ کے ڈی چوک میں جموں کشمیر عوامی ایکشن کمیٹی کے زیرِ اہتمام 5 اگست، یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر منعقدہ تاریخ ساز عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے عوامی ایکشن کمیٹی کے متحرک رہنما، سابق چیئرمین پی وائی او اور حلقہ چار سٹی راولاکوٹ سے امیدوارِ اسمبلی ببرک خان نے انتخابات سے دستبرداری، لاتعلقی اور مکمل بائیکاٹ کا اعلان کر دیا۔
واضح رہے کہ ببرک خان کے حلقہ چار سٹی راولاکوٹ سے کاغذاتِ نامزدگی منظور ہو چکے تھے اور انہیں انتخابی نشان "ہتھوڑا" الاٹ کیا جا چکا تھا۔
ببرک خان سمیت جموں کشمیر عوامی ایکشن کمیٹی کے متعدد رہنماؤں کا یہ مؤقف رہا ہے کہ سیاسی، جمہوری اور پارلیمانی جدوجہد عوامی تحریک کو مزید مضبوط، مؤثر اور توانا بنا سکتی ہے۔ ان کے مطابق اگر مزاحمت سڑکوں، چوکوں اور چوراہوں کے ساتھ ساتھ اسمبلی کے اندر بھی جاری رہے تو تحریک کی آواز مزید طاقتور انداز میں بلند کی جا سکتی ہے۔
اپنے خطاب میں ببرک خان نے کہا کہ ہمارا خیال تھا کہ انتخابات کا میدان حکمران اشرافیہ کے لیے خالی نہیں چھوڑنا چاہیے، لیکن گزشتہ دو ماہ کے دوران ریاستی جبر، نوجوانوں کی شہادتوں، ہزاروں افراد کے زخمی ہونے اور سینکڑوں نوجوانوں کی گرفتاریوں نے صورتِ حال کو یکسر تبدیل کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں، جبکہ انتخابات فورسز کی نگرانی اور بندوق کی نوک پر کرائے جا رہے ہیں، انتخابات میں حصہ لینا عوامی جدوجہد کے بنیادی اصولوں سے انحراف ہوگا۔
انہوں نے انتخابات سے دستبرداری اور بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ عوامی حقوق کی تحریک کے ساتھ اپنی جدوجہد پوری قوت اور مستقل مزاجی کے ساتھ جاری رکھیں گے۔
ببرک خان نے اپنے خطاب میں 5 اگست 2019 کو بھارت کی فاشسٹ مودی حکومت کی جانب سے جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کیے جانے کے اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے کشمیری عوام کے بنیادی حقوق پر حملہ قرار دیا.