08/10/2025
سہیل آفریدی کی بطور وزیر اعلیٰ نامزدگی پر راشیدہ ضیاء کی مبارکباد — خواتین کو بااختیار بنانے کی امید ظاہر
چترال — پاکستان تحریکِ انصاف خواتین ونگ چترال اپر کی صدر راشیدہ ضیاء نے خیبرپختونخوا کے نامزد وزیر اعلیٰ محمد سہیل آفریدی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی نامزدگی پارٹی میں نوجوان قیادت کے اعتماد اور وژن کی عکاسی کرتی ہے۔
راشیدہ ضیاء نے اپنے ایک اخباری بیان میں کہا کہ پاکستان تحریکِ انصاف نوجوانوں اور نئی نسل کی جماعت ہے، اور سہیل آفریدی صاحب کی قیادت صوبے کے لیے ایک مثبت پیش رفت ثابت ہوگی۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ نامزد وزیر اعلیٰ خواتین کو صوبائی ترقی کے عمل میں بھرپور طور پر شامل کریں گے اور خواتین ونگ کو بااختیار بنانے کے لیے عملی اقدامات کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سہیل آفریدی ایک متحرک، باصلاحیت اور عوامی قیادت رکھنے والے سیاستدان ہیں، جو صوبے کے عوام کے ساتھ براہِ راست رابطہ رکھ کر ان کے مسائل کے حل کے لیے مؤثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔
راشیدہ ضیاء نے آخر میں اس توقع کا اظہار کیا کہ نئے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا میں امن و امان کے قیام، گورننس کی بہتری اور پارٹی کی تنظیمی مضبوطی کے لیے بھرپور کوششیں کریں گے۔