
20/08/2025
پاکستان پریس کلب یوکے مڈلینڈز کی جانب سے بشارت عباسی اور رمضان چغتائی کے اعزاز میں استقبالیہ
برمنگھم (سی این آئی اردو) پاکستان پریس کلب یوکے مڈلینڈز برانچ کے زیراہتمام روزنامہ اوصاف کے چیف ایڈیٹر بشارت عباسی اور روزنامہ آوازہ کے چیف ایڈیٹر محمد رمضان چغتائی کے اعزاز میں ایک پرتکلف استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام کی صدارت پاکستان پریس کلب مڈلینڈز کے صدر راجہ ناصر محمود نے کی، جبکہ قونصل جنرل پاکستان برمنگھم فہد امجد، سابق رکن پارلیمنٹ خالد محمود مرزا، صدر چکسواری پریس کلب مرزا نذیر احمد، مرکزی سیکریٹری جنرل پاکستان پریس کلب برطانیہ ساجد یوسف، مرکزی مجلس عاملہ کے اراکین سرفراز موسیٰ اور امجد بیگ سمیت کمیونٹی کی ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت صاحبزادہ فاروق القادری نے حاصل کی۔ افتتاحی خطاب پاکستان پریس کلب مڈلینڈز کے سابق صدر اور ایگزیکٹو ممبر سید عابد کاظمی نے کیا جنہوں نے پاکستانی صحافیوں کے کردار اور کمیونٹی میں ان کے مثبت اثرات کو اجاگر کیا۔
قونصل جنرل فہد امجد اور دیگر مقررین نے کہا کہ صحافت ریاست کا چوتھا ستون ہے اور برطانیہ میں خصوصاً پاکستان پریس کلب یوکے سے وابستہ صحافی کمیونٹی کو جوڑے رکھنے اور پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔
اس موقع پر مرکزی سیکریٹری جنرل ساجد یوسف نے ممبر مجلس عاملہ پاکستان پریس کلب مڈلینڈز برانچ آصف محمود براہٹلوی کو مرکز کی منظوری سے پاکستان پریس کلب برطانیہ کے سیکریٹری جنرل لٹریری اینڈ کلچرل فورم نامزد کرنے کا اعلان کیا، جس پر ہال تالیوں سے گونج اٹھا۔ تقریب کی نظامت سیکریٹری جنرل عادل اعظم نے کی۔
پروگرام میں مڈلینڈز برانچ کے سینئر نائب صدر ابرار مغل، نائب صدر عبدالماجد، فنانس سیکریٹری نائلہ عظمت، سیکریٹری انفارمیشن معین احمد، اور اراکین مجلس عاملہ سمیت کمیونٹی رہنماؤں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ شرکاء میں راجہ فہیم کیانی، پروفیسر محمود رضا، راجہ فضل الرحمن، انجم جرال، کونسلرز ثاقب خان، عامر خان، راشد خان اور دیگر شامل تھے۔
تقریب کے دوران پاکستان پریس کلب یوکے مڈلینڈز برانچ نے پیکا ایکٹ کے تحت نیشنل پریس کلب کی سیکریٹری جنرل نئیر علی، جوائنٹ سیکریٹری سحرش قریشی، ماہرہ عمران اور شکیلہ جلیل کے خلاف قائم مقدمات پر مذمتی قرارداد بھی منظور کی۔
اختتام پر اسلامک سنٹر آف گریٹ بریٹن کے چیئرمین پیر محمد طیب الرحمن قادری نے پاکستان پریس کلب کے کردار کو خراج تحسین پیش کیا اور حالیہ بارشوں سے جاں بحق افراد کے لیے خصوصی دعا کرائی۔