08/18/2025
چوہدری محمد اسلم کمبوہ انڈونیشیا کی آزادی کے دن کی تقریب میں خصوصی شرکت — سرکاری ایوارڈ اور بھی نوازا گیا
یورپین پارلیمنٹ نارتھ ویسٹ یو کے کے سابق امیدوار اور اوورسیز پاکستانی کمیونٹی کے عظیم رہنما، چوہدری محمد اسلم کمبوہ انڈونیشیا کی حکومت کی خصوصی دعوت پر جکارتہ پہنچے، جہاں انہوں نے 17 اگست کو منعقدہ آزادیٔ انڈونیشیا کی سرکاری تقریب میں بطور معزز مہمان خصوصی شرکت کی۔
چوہدری اسلم کمبوہ نے 14 اگست پاکستان کے یومِ آزادی کی تقریبات بھی انڈونیشیا میں مقامی برادری کے ساتھ منائیں، جس کو دونوں ممالک کے دوستانہ تعلقات کے تناظر میں ایک تاریخی اور یادگار لمحہ قرار دیا گیا۔
تقریب کے دوران حکومتِ انڈونیشیا کی جانب سے چوہدری محمد اسلم کمبوہ کو ان کی شاندار خدمات اور اوورسیز کمیونٹی کے لیے قائدانہ کردار پر خصوصی سرکاری ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ، میڈیا اور کمیونٹی کے لیے گراں قدر خدمات کے اعتراف میں اے ون گلوبل ٹی وی یوکے کی جانب سے بھی انہیں خصوصی ایوارڈ دیا گیا۔
اس موقع پر چوہدری محمد اسلم کمبوہ نے کہا:
"انڈونیشیا کی آزادی کا دن میرے لیے ایک تاریخی لمحہ ہے، کیونکہ آزادی کی قدر وہی جانتا ہے جس نے اپنی شناخت اور قوم کے لیے جدوجہد کی ہو۔ برطانیہ اور انڈونیشیا کے درمیان دوستی اور باہمی تعلقات ہمیشہ مضبوط رہیں گے، اور اوورسیز کمیونٹی ان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔"
ادھر اے ون گلوبل ٹی وی یوکے کے ڈائریکٹر شاہد محمود راجہ نے بھی اس موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ:
"چوہدری محمد اسلم کمبوہ کا یہ دورہ ، برطانیہ اور انڈونیشیا کے تعلقات میں نئی راہیں کھولے گا۔ ان کو ملنے والے یہ اعزاز نہ صرف ان کی بلکہ پوری اوورسیز کمیونٹی کی کامیابی ہے۔"
تقریب کو سیاسی و سماجی حلقوں نے برطانوی-انڈونیشیا تعلقات کے لیے ایک سنگ میل اور اوورسیز کمیونٹی کے وقار میں اضافہ قرار دیا۔