
06/07/2025
“حسین سب کا ہے – حسینیت ہر دل کی پکار ہے”
جب ہم مولا حسینؑ کی بات کرتے ہیں، تو خدا کے لیے انہیں فرقوں، جماعتوں اور مسلکوں میں مت بانٹیں۔
حسینؑ کو کسی خاص فکر، کسی خاص فقہ یا کسی مخصوص گروہ تک محدود کر دینا، درحقیقت ان کی عظمت کو چھوٹا کرنے کی جسارت ہے۔
حسینؑ سب کے ہیں۔ حسینؑ پوری امت کے لاڈلے ہیں۔ حسینؑ رحمتِ دو عالم ﷺ کے نواسے ہیں۔
جن کے سینے پر سرکارِ مدینہ ﷺ نے محبت سے بوسے دیے، جنہیں اپنی پشت پر سوار کیا، جن کے لیے فرمایا:
“حسین مجھ سے ہے اور میں حسین سے ہوں، جس نے حسین سے محبت کی، اس نے مجھ سے محبت کی، اور جس نے حسین سے محبت کی، اللہ نے اس سے محبت کی۔”
تو پھر جو حسینؑ سردارِ کائنات ﷺ کے لاڈلے ہیں، وہ کیسے میرے اور آپ کے لاڈلے نہیں ہو سکتے؟
حسینؑ تو حسینؑ ہیں!
انہوں نے نہ اپنی جان کی پرواہ کی، نہ اپنے لختِ جگر علی اصغرؑ کی، نہ اپنے بھائی، نہ اپنی بہن، نہ اہل و عیال…
سب کچھ قربان کر دیا… صرف ایک چیز بچا لی…
اپنے نانا کا دین!
اگر کوئی آج حسینیت پر شک کرتا ہے، تو اُسے اپنے ایمان پر نظرِ ثانی کرنی چاہیے۔
کیونکہ حلالی خون کبھی حسینیت کی مخالفت نہیں کرتا!
حسینیت عدل ہے، حسینیت حق ہے، حسینیت سچائی ہے، حسینیت انسانیت ہے۔
اور جب بات اہلِ بیتؑ کی ہو،
تو یہ وہ مقدس ہستیاں ہیں جنہیں اللہ نے پاک کر دیا، جن کے در پر جبریلؑ بھی ادب سے کھڑے ہوتے،
اور جن کے لیے سرکار دو عالم ﷺ نے فرمایا:
“میں تمہارے درمیان دو بھاری چیزیں چھوڑے جا رہا ہوں: قرآن اور اہلِ بیتؑ…”
اور جب ہم صحابہ کرامؓ کی بات کریں،
تو وہ بھی عزت و شرف کے مالک ہیں کیونکہ وہ اہلِ بیتؑ کے در کے غلام ہیں،
وہ بھی فرماتے ہیں:
“جو اہلِ بیتؑ سے محبت نہیں رکھتا، وہ ایمان کی نعمت سے محروم ہے۔”
اور پھر اگر بات ہو جنت کی —
تو یاد رکھو:
بی بی فاطمہؑ عورتوں کی جنت کی سردار،
امام حسنؑ و حسینؑ مردوں کی جنت کے سردار،
اور یہ سب وہ ہستیاں ہیں جو سرکار ﷺ کے جگر کے ٹکڑے ہیں۔
تو اے اہلِ دل!
یہ نہ دیکھو کون کس مسلک سے ہے،
یہ دیکھو کہ کربلا میں کون حق پر کھڑا تھا!
جس نے پیاس کی شدت میں بھی سچائی نہیں چھوڑی،
جس نے سجدے میں سر دے دیا، مگر باطل کے سامنے جھکنا گوارا نہ کیا —
وہ حسینؑ تھا، ہے، اور رہے گا۔
حسین سب کا ہے، حسین سب کے دل کی دھڑکن ہے۔
حسین میرا بھی ہے، آپ کا بھی ہے، اور نبیِ پاک ﷺ کا لاڈلا بھی!
تو آئیں، فرقوں سے نکلیں، محبت کی زبان بولیں، اور ببانگ دہل کہیں:
حسینؑ ہمارا ہے – حسینؑ سب کا ہے – حسینؑ حق کا علمبردار ہے!
تحریر- ساجد نواز