
05/01/2025
مبارک سفر (عمرہ)سے والدین اور برادر مکرم کی آج واپسی
آج/٤/رجب المرجب۱۴۴۶ھ مطابق 05/01/2025ء کو ہمارے والدین اور برادرِ محترم کی مدینہ منورہ سے بعد نمازِ ظہر واپسی کی فلائٹ ہے " آپ حضرات دعاء فرمائیں کہ اللہ رب العزت مدینہ منورہ( سعودیہ عربیہ)سے واپسی میں بآسانی یہ سفر اپنے اختتام کو پہونچا ئے۔
یقینا عمرہ کے لیے حرمین قصد ایک عظیم روحانی سفر ہے، یہ مسلمانوں کی زندگی میں ایک انتہائی خوش قسمت موقع ہوتا ہے۔ اس سفر میں ایک مسلمان نہ صرف جسمانی طور پر مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کی زیارت کرتا ہے، بلکہ روحانی طور پر اپنے رب کے قریب ہونے کا خاص موقع بھی پاتا ہے۔ جب انسان اس سفر پر نکلتا ہے تو اس کا دل شوق و محبت سے بھرپور ہوتا ہے اور اس کے ہر قدم میں اللہ کے ذکر کی لطافت اور مٹھاس ہوتی ہے۔
والدین اور برادرِ مکرم کایہ سفر مکہ مکرمہ سے شروع ہواتھا، جہاں ہر مسلمان کے دل میں ایک ہی تمنا ہوتی ہے کہ وہ خانہ کعبہ کا طواف کرے۔ اس عظیم عبادت کے دوران، ہر قدم میں ایک نیا سکون اور روحانیت کی جھلک ہوتی ہے،خانہ کعبہ کے گرد سات چکر لگانا نہ صرف عبادت ہے بلکہ ایک مسلمان کے دل کی بے پناہ محبت اور عقیدت کا مظہر بھی ہے، مکہ مکرمہ کی زیارت ایک ایسا روحانی تجربہ ہے جو انسان کو اللہ کے قرب کا احساس دلاتا ہے۔
عمرہ کے دوران جب مسلمان جبلِ رحمت کی زیارت کرتے ہیں تو دل میں ایک خاص تاثر ہوتا ہےکیوں کہ یہ وہ جگہ ہے جہاں حضرت آدم علیہ السلام اور حضرت حوا کی ملاقات ہوئی تھی، اور جہاں انسانیت کی بخشش کے لیے دعا کی گئی تھی یہاں انسان اپنے گناہوں کی معافی کے لیے اللہ کے سامنے دستِ نیاز پھیلاتا ہے، اور دل میں امید ہوتی ہے کہ اللہ کی رحمت اس پر برسے گی۔
مدینہ منورہ کی زیارت کے دوران، جب عشاق حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے روضہ مبارک پر پہنچتا ہے تو اس کا دل بے حد سکون محسوس کرتا ہے، آخر دل کو ٹھنڈک کیوں نہ پہنچے کیوں کہ یہ وہ شہر ہے جہاں ہمارے پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی کا بیشتر حصہ گزرا اور جہاں آپ کی روحانی تعلیمات کی روشنی پھیلائی گئی۔ یہاں آ کر زائرین حرمین خود کو حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے قریب محسوس کرتا ہے اور ان کی ہدایات کے مطابق اپنی زندگی گزارنے کا عہد کرتا ہے۔
مدینہ منورہ کی زیارت کے دوران ایک خاص لمحہ وہ بھی ہوتا ہے جب کسی مسلمان کو "ریاض الجنہ" میں نماز پڑھنے کا موقع ملتا ہے،ریاض الجنہ وہ حصہ ہے جو مسجد نبوی کے اندر موجود ہے، اور جسے جنت کا باغ کہا جاتا ہے،یہاں نماز پڑھنا ایک بے حد سعادت کی بات ہے، اور یہ مقام ایسا ہے کہ جہاں دل میں اللہ کے ساتھ قربت اور تعلق کا ایک خاص احساس ہوتا ہے۔
مسجدِ قباء کی زیارت بھی بہت اہمیت رکھتی ہے کیونکہ یہ مسجد پہلی مسجد ہے جو اسلامی تاریخ میں تعمیر ہوئی۔ حضرت نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے مدینہ منورہ ہجرت کرتے ہوئے اس مسجد کی بنیاد رکھی تھی۔ اس مقدس مقام پر نماز ادا کرنا مسلمان کے دل میں ایک خاص روحانی سکون اور اطمینان پیدا کرتا ہے۔ اسی طرح مسجدِ بلال کی زیارت بھی بہت اہمیت رکھتی ہے، کیونکہ یہ وہ مسجد ہے جہاں حضرت بلال رضی اللہ عنہ نے اذان دی تھی، اور یہ مسجد پہلے بھی بہت اہمیت کی حامل رہی ہے' اور آج بھی ہے ، اللہ تعالی ہمیں وہاں کی زیارت نصیب فرمائے ،ربنا تقبل منا انک انت السمیع العلیم وتب علینا انک انت التواب الرحیم -
محمد مبشر الحق
الصف السادس دارالحکمت جامعہ رحمانی مونگیر
٤/رجب المرجب ١٤٤٦ھ مطابق 05/01/2025ء