11/09/2026
بھارت میں UPI کا نیا ’ٹیپ اینڈ پے‘ فیچر متعارف، فون چھوتے ہی ادائیگی ممکن
ممبئی: بھارت نے اپنے یونیفائیڈ پیمنٹس انٹرفیس (UPI) میں نیا ٹیپ اینڈ پے فیچر متعارف کرا دیا ہے، جس کے ذریعے صارفین اب UPI ایپ کھولے بغیر صرف اپنا اسمارٹ فون پوائنٹ آف سیل مشین کے قریب لا کر ادائیگی کرسکیں گے۔
نیشنل پیمنٹس کارپوریشن آف انڈیا (NPCI) کی جانب سے متعارف کرایا گیا یہ نظام نیئر فیلڈ کمیونیکیشن (NFC) ٹیکنالوجی استعمال کرتا ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ اسے کمزور یا بعض حالات میں انٹرنیٹ کنکشن نہ ہونے کے باوجود ادائیگی کی سہولت فراہم کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔
نئے فیچر کا اعلان ممبئی میں گلوبل فن ٹیک فیسٹ کے دوران کیا گیا۔ اس اقدام سے بھارت کے پہلے ہی وسیع ڈیجیٹل ادائیگی نظام کو مزید تیز اور آسان بنانے کی توقع ہے۔
UPI اس وقت لین دین کی تعداد کے اعتبار سے دنیا کا سب سے بڑا ریٹیل فاسٹ پیمنٹ سسٹم ہے۔ صرف اگست میں UPI کے ذریعے 24.51 ارب ٹرانزیکشنز ہوئیں، جن کی مجموعی مالیت 29.82 ٹریلین روپے، یعنی تقریباً 314 ارب ڈالر تھی۔
یہ پیش رفت ایسے وقت سامنے آئی ہے جب بھارت میں Apple Pay کے مکمل آغاز کی بھی تیاری ہو رہی ہے۔ اس کا بیٹا ورژن پہلے ہی دستیاب ہے جبکہ مکمل سروس اکتوبر تک شروع ہونے کی توقع ہے۔
UPI کے نئے ٹیپ اینڈ پے فیچر سے دکانوں، ریستورانوں اور دیگر تجارتی مراکز پر ادائیگی کا عمل مزید تیز ہوسکتا ہے۔ صارف کو QR کوڈ اسکین کرنے یا ہر مرتبہ ایپ کھولنے کے بجائے فون کو مطابقت رکھنے والی مشین کے قریب لانا ہوگا۔
یہ پیش رفت بھارت کے ڈیجیٹل پیمنٹس انفراسٹرکچر میں ایک اور اہم قدم ہے اور عالمی ادائیگی کمپنیوں کی آمد سے پہلے UPI کو کانٹیکٹ لیس ادائیگیوں کے میدان میں مزید مضبوط بنا سکتی ہے۔