21/09/2025
تصویروں میں بہار کانگریس کی صورت
ایسا محسوس ہوتا ہے کہ راہل گاندھی کی تمام تر کوششوں کے باوجود بہار کانگریس میں اندرونی اختلافات اور سرپھٹول کا سلسلہ جاری ہے۔ اس کا اندازہ دو تصویروں سے بخوبی لگایا جا سکتا ہے۔
پہلی تصویر یکم ستمبر کی ہے، جب راہل گاندھی ووٹر ادھیکار یاترا کے اختتامی اجلاس میں شریک ہونے بہار پہنچے تھے۔ اُس وقت بہار کانگریس کے آفیشل واٹس ایپ میڈیا گروپ میں جو تصویریں شیئر کی گئیں، ان میں راہل گاندھی کا استقبال کرتے اور ان کے ساتھ ایئرپورٹ سے باہر آتے ہوئے جو رہنما نمایاں نظر آئے، وہ موجودہ ریاستی صدر راجیش رام یا بہار کانگریس قانون سازیہ پارٹی کے لیڈر شکیل احمد خان نہیں تھے، بلکہ پارٹی کے سابق صدر اکھیلش پرساد سنگھ تھے۔ راجیش رام کی صرف ایک دو تصویریں ہی گروپ میں شیئر کی گئیں جن میں وہ کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے کا استقبال کرتے دکھائی دے رہے تھے۔
دوسری تصویر آج اکھیلش پرساد سنگھ نے خود سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے۔ اس تصویر میں وہ پرینکا گاندھی کے ساتھ کھڑے ہیں اور تصویر کے ساتھ دی گئی اطلاع میں بتایا گیا ہے کہ پرینکا گاندھی 26 ستمبر سے موتیہاری سے وزیر اعظم نریندر مودی کی گیارہ سالہ حکومت کی ناکامیوں سے عوام کو آگاہ کرنے کی مہم کا آغاز کریں گی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ اطلاع بہار کانگریس کے آفیشل واٹس ایپ میڈیا گروپ پر اس تحریر کے لکھے جانے تک شیئر نہیں کی گئی تھی۔