24/05/2026
گلوان پورہ بڈگام میں معصوم بچی کے مبینہ قتل پر مولانا مسرور عباس انصاری کا اظہارِ افسوس: فوری تحقیقات کا مطالبہ
سرینگر// گلوان پورہ بڈگام میں معصوم بچی کے مبینہ قتل کے افسوسناک واقعے پر معروف مذہبی و سماجی رہنما نے شدید رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندان کے ساتھ دلی ہمدردی، تعزیت اور مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔اپنے ایک بیان میں مولانا مسرور عباس انصاری نے کہا کہ معصوم بچوں کے خلاف اس نوعیت کے واقعات پوری انسانیت کے ضمیر کو جھنجھوڑ دینے والے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گلوان پورہ بڈگام کا یہ واقعہ انتہائی افسوسناک، قابل مذمت اور سماج کے لیے لمحۂ فکریہ ہے، خصوصاً ایسے وقت میں جب ایک معصوم بچی کے ہاتھوں میں قرآنِ مجید اور دینی کتابیں ہونے کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں۔انہوں نے انتظامیہ اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ معاملے کی فوری، شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات عمل میں لائی جائیں تاکہ حقائق جلد از جلد عوام کے سامنے آسکیں۔ مولانا موصوف نے کہا کہ اگر تحقیقات میں یہ قتل ثابت ہوتا ہے تو اس میں ملوث عناصر کے خلاف سخت ترین اور عبرتناک کارروائی کی جانی چاہیے تاکہ مستقبل میں ایسے انسانیت سوز جرائم کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔مولانا مسرور عباس انصاری نے متاثرہ خاندان کے لئے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں ان مشکل ترین حالات میں صبر و تحمل کا عطا کرے اور عوام سے اپیل کی کہ وہ وادی کشمیر میں اس طرح کے انسانیت سوز جرائم کو روکنے کے لئے متحد آواز بلند کریں۔