18/12/2025
*باجوڑ۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر باجوڑ وقاص رفیق کی کمانڈنٹ باجوڑ سکاؤٹس اور ڈپٹی کمشنر باجوڑ کے ہمراہ شہید کانسٹیبل سجاد احمد اور سویلین فضل حیان کے گھر آمد۔ اہلِ خانہ سے تعزیت۔*
باجوڑ: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر باجوڑ وقاص رفیق نے کمانڈنٹ باجوڑ اسکاؤٹس اور ڈپٹی کمشنر باجوڑ کے ہمراہ گزشتہ روز پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں شہید ہونے والے پولیس کانسٹیبل سجاد احمد اور سویلین شہید فضل حیان کے گھروں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور غمزدہ خاندانوں کے ساتھ کچھ وقت گزارا۔
ڈی پی او باجوڑ وقاص رفیق نے شہداء کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کانسٹیبل سجاد احمد نے فرض کی ادائیگی کے دوران جان کا نذرانہ پیش کر کے قوم کا سر فخر سے بلند کیا، جبکہ سویلین فضل حیان کی شہادت بھی ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔
اس موقع پر کمانڈنٹ باجوڑ سکاؤٹس اور ڈپٹی کمشنر باجوڑ نے بھی غمزدہ خاندانوں کو ہر ممکن تعاون اور مستقبل میں ہر قسم کی سپورٹ فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور سیکیورٹی ادارے شہداء کے لواحقین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
آخر میں شرکاء نے شہداء کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔