20/05/2022
ایبٹ آباد،تفتیشی پولیس افسران کی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے ورکشاپ کاانعقاد
ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2022ء) ضلعی پولیس ایبٹ آباد اور شعبہ تفتیش پولیس کی جانب سے تفتیشی پولیس افسران کی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے پولیس سکول آف انٹیلی جنس ایبٹ آباد میں ورکشاپ کاانعقاد کیا گیا۔ ورکشاپ کے مہمان خصوصی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ضلع مانسہرہ ضیاء الرحمن تھے۔ ورکشا پ کے دیگر اہم شرکاء میں ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ہزارہ ریجن میرویس نیاز، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ایبٹ آباد سجاد خان،ایڈیشنل ایس پی ایبٹ آباد عارف جاوید، ایس پی شعبہ تفتیش ایبٹ آباد اشتیاق خان، ایڈیشنل ایس پی مانسہرہ، ایس پی شعبہ تفتیش ہریپور اور بٹگرام شامل ہیں اسکے علاوہ، ایس ڈی پی او ز، پبلک پراسیکیوٹر ز کے علاوہ بڑی تعداد میں تفتیشی پولیس افسران اور ایس ایچ اوز نے بھی ورکشاپ میں حصہ لیا۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج مانسہرہ ضیاء الرحمن نے شعبہ تفتیش سے منسلک پولیس افسرن تفتیشی مسائل اور خامیوں کو اجاگر کرتے ہوئے انکو بہتر بنانے کے حوالے سے آگاہی فراہم کی۔انہوں نے کہا کہ تفتیشی افسران کو چاہیے کہ انہیں معمولات زندگی کی ہر ایک شعبہ سے واقفیت ہونی چاہیے، لوگوں کے رویوں کی سمجھ رکھتے ہوں تا کہ انہیں ہر قسم کے کیس کو سمجھنے اور اس میں بہتر تفتیش کرنے کی صلاحیت ہو کیونکہ کسی مجرم کو سزا تب ہی مل سکتی ہے جبکہ اس مقدمہ کی تفتیش ٹھیک اور درست طرز پر کی گئی ہو اس لئے تفتیشی افسران کو بہت کچھ سیکھنے کی ضرورت ہے،نئے آنے والے قوانین سے ایک پولیس آفیسر کی واقفیت ہونا بہت لازمی ہے۔
انکا کہنا تھاکہ تمام پولیس افسران کو اپنے اختیارات کی بخوبی سمجھ ہونا بھی ضروری ہے تاکہ ہم لوگ کسی بھی وقوعہ کی تفتیش کو صحیح انداز میں آگے لے کر چل سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اس طرح دیگر ورکشاپ کا انعقاد بھی کرتے رہنا چاہیے جس میں جوڈیشل مجسٹریٹس کو بھی دعوت دی جائے تاکہ یہ سیکھنے سکھا نے کا عمل جاری رہے اور بہتری کی جانب جایا جا سکے۔
ڈی آئی جی ہزار ہ ریجن نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں مشکور ہوں کہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج مانسہرہ ضیاء الرحمن نے اپنی مصروفیات میں سے وقت نکالا اور ہمیں عزت بخشی، آپ کی آمد ہمارے پولیس افسران کے لئے فائدہ مند ثابت ہو ئی اور ہمیں سیکھنے کا موقع ملا، ڈی پی او ایبٹ آباد سجا د خان اور ایس پی انوسٹی گیشن اشتیاق احمد کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ جنہوں نے اتنی بہترین ورکشاپ کا انعقاد اور انتظامات کیے۔ ڈی آئی جی ہزارہ ریجن میرویس نیاز نے مہمان خصوصی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج مانسہرہ ضیاء الرحمن کو ہزارہ پولیس کی جانب سے شیلڈ بھی پیش کی۔