06/08/2026
ٹرمپ کا ہیلی کاپٹر حادثے سے بال با بچ گیا
امریکی اخبار نیویارک ٹائمز میں دعوی کیا گیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ہیلی کاپٹر میرین ون امریکی دارالحکومت کی فضاء میں مسافر طیارے کے قریب پہنچ گیا تھا، مسافر طیارے اور میرین ون کا فاصلہ ایک میل سے بھی کم رہ گیا تھا۔
اخبار نے بتایا کہ یہ واقعہ دوپہر تقریباً ڈھائی بجے پیش آیا۔
امریکی صدر کے ہیلی کاپٹر میرین ون نے اڑان بھری تو اس کا سامنا اچانک امریکن ایئرلائنز اینوائے ایئر کے ایمبریئر ای 170 طیارہ سے ہوگیا۔
ہیلی کاپٹر اینڈریوز ایئر فورس بیس جا رہا تھا، جہاں ٹرمپ کو کیلی فورنیا جانے کے لیے اپنے صدارتی طیارے میں سوار ہونا تھا۔
امریکہ کے نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ نے کہا کہ وہ ’ میرین ون اور واشنگٹن نیشنل ایئرپورٹ سے روانہ ہونے والے ایک مسافر طیارے کے درمیان محفوظ فاصلہ ختم ہونے کے مبینہ واقعے کی تحقیقات کر رہا ہے۔‘
امریکی ہوا بازی کے نگران ادارے نے کہا کہ ’محفوظ فاصلہ ختم ہونے کے دوران ایئر ٹریفک کنٹرولر مسافر طیارے اور میرین ون، دونوں کے پائلٹوں سے رابطے میں تھا۔‘
وائٹ ہاؤس کے ترجمان کش ڈیسائی نے بتایا کہ میرین ون کو دنیا کے بہترین ہوا بازوں میں شامل پائلٹ اڑاتے ہیں اور صدر کو کسی بھی وقت کوئی خطرہ نہیں تھا۔
امریکی اخبار کے مطابق ایسے حالات میں حفاظتی ضابطوں کے تحت دونوں طیاروں کے درمیان کم از کم ڈیڑھ میل کا افقی اور 500 فٹ کا عمودی فاصلہ ہونا ضروری ہے۔
جنوری 2025 میں واشنگٹن نیشنل ایئرپورٹ کے قریب اترنے والے ایک مسافر طیارے اور امریکی فوج کے بلیک ہاک ہیلی کاپٹر کے درمیان تصادم میں 67 افراد جان سے گئے تھے۔ اس واقعے کے بعد ایف اے اے نے ایئرپورٹ کے اردگرد حفاظتی اقدامات بہت سخت کر دیئے تھے۔