15/10/2025
ایبٹ آباد (نمائندہ خصوصی)گورنمنٹ کالج آف مینجمنٹ سائنسز اینڈ کامرس ایجوکیشن ایبٹ آباد میں سالانہ تقسیم انعامات اور پرنسپل پروفیسر سید تصدیق حسین شاہ کی الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر جنرل کامرس ایجوکیشن اینڈ مینجمنٹ سائنسز خیبر پختونخوا عمر علی خان تھے۔تقریب میں سابق ڈائریکٹر جنرل کامرس پروفسیر محمد ندیم ،کنٹرولر پروفیسر محمد ادریس ،پرنسپل گرلز کالج ارم نثار،پروفیسر ڈاکٹر شفیق الرحمن عباسی کے علاوہ ہزارہ سمیت صوبہ کے کامرس کالجز کے پرنسپلز ،پروفیسرز طلباء وطالبات شریک تھے۔تقریب میں سالانہ امتحان میں بی بی اے فائنل اور مختلف سمسٹرز میں پہلی دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کر نے اور ہم نصابی سرگرمیوں میں نمایاں رہنے والے طلباء وطالبات کو تعریفی اسناد اور سکالرز شپ حاصل کرنے والوں میں چیک تقسیم کئے گئے۔تقریب میں کالج ہذا کے پرنسپل پروفیسر سید تصدیق حسین شاہ کی مدت ملازمت 1991 سے2025 تک خدمات پر روشنی ڈالی گئی۔مقررین نے ان کی چترال ،ہری پور،مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بطور پرنسپل خدمات کو سراہا۔اس موقع پر ڈائریکٹر کامرس ایجوکیشن اینڈ مینجمنٹ سائنسز پروفیسر عمر علی خان نے اپنے خطاب میں کہا ہےسید تصدیق حسین شاہ ایک بہترین منتظم تھے ان کا انتظامی خلا پر نہیں کر سکتا ان کا نعم البدل ملنا مشکل ہے کوشش رہے گی صوبہ میں کامرس کالجز میں تدریسی عمل کو بہتر سے بہتر بنا سکیں۔انہوں نے کہا ہے کہ طلبہ ڈگری کے ساتھ ڈپلومہ بھی کریں تاکہ عملی زندگی میں روزگار کا بہترین ذریعہ حاصل کر سکیں ۔انہوں نے مذید کہا ہے کہ کامرس ایجوکیشن سے جڑے طلبہ کا مستقبل روشن ہے لیکن والدین اور معاشرہ اس کی افادیت سے لاعلم ہیں۔ہمارا فرض بنتا ہے گریجویٹ کرنے والوں کی ایسی تربیت کریں جو ادارہ کے سفیر بنیں والدین بھی فخر محسوس کریں کہ ان کی اولاد کامرس کالج سے فارغ التحصیل ہے۔دریں اثنا مقررین اور طلباء نے پرنسپل سید تصدیق شاہ کی خدمات پر روشنی ڈالی اور خصوصی تحائف بھی دیئے۔خیبر پختونخوا کامرس کالجز ٹیچرز ایسوسی ایشن کے صدر وحید خٹک اور جنرل سیکرٹری پروفیسر ڈاکٹر شفیق الرحمن عباسی کی طرف سے بھی پرنسپل سید تصدیق شاہ کو خصوصی شیلڈ پیش کی گئی۔اور شرکاء کے اعزاز میں پر تکلف ظہرانہ بھی دیا گیا ۔