
08/09/2025
*"شاہینوں کی پرواز: 1965* سے *2025 تک فتح کی داستان"*
ہر قوم کی تاریخ میں ایسے لمحات آتے ہیں جو محض فوجی فتوحات نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے ایمان، عزم اور استقامت کے مینار بن جاتے ہیں۔ *پاکستان کی فضائیہ کی تاریخ ایسے ہی سنہری واقعات سے روشن ہے۔* *یوم فضائیہ صرف ایک دن کی یادگار نہیں بلکہ یہ اس ایمان افروز حقیقت کا اعلان* ہے کہ جب دلوں میں وطن کی محبت اور سینوں میں شہادت کا جذبہ موجزن ہو تو طاقت کے ترازو بدل جاتے ہیں اور دنیا کے بڑے بڑے دعویدار بھی شکست کے اندھیروں میں ڈوب جاتے ہیں۔
ستمبر 1965ء کی جنگ اس کا روشن ثبوت ہے۔ اُس وقت جب بھارت بڑے پیمانے پر جارحیت کے ارادے لیے آگے بڑھا، پاک فضائیہ کے جانباز شاہینوں نے پلک جھپکتے میں دشمن کے متعدد جنگی طیارے زمین بوس کر کے نہ صرف پاکستان کو فضائی برتری دلائی بلکہ دنیا کو حیران و ششدر کر دیا۔ یہ صرف جہاز گرانے کا واقعہ نہیں تھا بلکہ ایک ایسا اعلان تھا کہ پاکستان کی سرحدوں پر کوئی میلی آنکھ ڈالنے کی جرات نہیں کر سکتا۔
یہی جذبہ اور روایت مئی 2025ء میں ایک نئی شان کے ساتھ دوبارہ سامنے آئی۔ پاک فضائیہ کے شیر دل جوانوں نے جدید ترین ہتھیاروں اور ٹیکنالوجی سے لیس بھارتی فضائیہ کے سات طیارے پلک جھپکتے میں تباہ کر کے عالمی بیانیہ ہی بدل دیا۔ دشمن کے اربوں ڈالر کے خواب راکھ کا ڈھیر بن گئے اور بھارت کا "علاقائی چوہدری" بننے کا خواب ہمیشہ کے لیے خاک میں مل گیا۔ اس کامیابی نے نہ صرف پاکستان کا وقار بلند کیا بلکہ امت مسلمہ کے سر بھی فخر سے بلند ہو گئے۔
پاک فضائیہ کے یہ شاہین محض ایک عسکری قوت نہیں بلکہ پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کے محافظ اور پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔ ان کے کارنامے ہمیں یہ سبق دیتے ہیں کہ وسائل کم ہوں یا زیادہ، اصل طاقت ایمان، اخلاص اور قربانی میں ہے۔ دنیا کی بڑی سے بڑی فوج بھی اُس جذبے کو شکست نہیں دے سکتی جو ایمان کی حرارت سے جل رہا ہو۔
آج یوم فضائیہ ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہماری بقا، عزت اور آزادی انہی جانبازوں کی قربانیوں سے وابستہ ہے۔ یہ دن ہمیں صرف جشن منانے کا موقع نہیں دیتا بلکہ ہمیں یہ عہد کرنے پر مجبور کرتا ہے کہ ہم بھی اپنے اپنے شعبوں میں وہی اخلاص، وہی محنت اور وہی عزم دکھائیں جو ہمارے شاہین میدانِ جنگ میں دکھاتے ہیں۔
کل جماعتی حریت کانفرنس اور کشمیری قوم کی طرف سے میں ان غیور شاہینوں کو سلامِ عقیدت پیش کرتا ہوں جنہوں نے پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا اور آنے والی نسلوں کے لیے روشن مثالیں قائم کیں۔ ہم دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ہمیشہ سرخرو رکھے اور ہمارے جانبازوں کے بازو ہمیشہ فتح و نصرت کے پرچم بلند کرتے رہیں
*مشتاق احمد بٹ*
سکریٹری اطلاعات کل جماعتی حریت کانفرنس