15/10/2025
میٹل انڈسٹریز میں مزدوروں کا استحصال، لیبر قوانین ہوا میں اڑا دیے گئے
علی پور چٹھہ کی میٹل انڈسٹریز میں مزدوروں کے ساتھ سنگین ناانصافیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ نکل پالش اور بھٹیوں پر ڈھلائی جیسے خطرناک اور محنت طلب کام کرنے والے مزدوروں کو محض پندرہ سے پچیس ہزار روپے ماہانہ تنخواہ دی جا رہی ہے، حالانکہ حکومتِ پنجاب نے مزدور کی کم از کم تنخواہ چالیس ہزار روپے مقرر کر رکھی ہے۔
مزدوروں کا کہنا ہے کہ دن رات مشقت کے باوجود انہیں بنیادی سہولیات تک میسر نہیں، جبکہ فیکٹری مالکان ناجائز منافع خوری میں مصروف ہیں۔ مزدور رہنماؤں نے انکشاف کیا کہ اگر محکمہ محنت کے افسران رشوت لے کر آنکھیں نہ بند کریں تو انڈسٹریز میں غریب مزدوروں کی زندگی بہتر بنائی جا سکتی ہے اور وہ معاشی خوشحالی کی جانب گامزن ہو سکتے ہیں۔
سماجی و عوامی حلقوں نے اس صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ مزدوروں کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کا نوٹس لیا جائے، لیبر قوانین پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے اور استحصال کرنے والے فیکٹری مالکان کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔ بصورت دیگر مزدور اپنے حقوق کے حصول کے لیے احتجاج اور سخت اقدامات پر مجبور ہو جائیں گے۔