
05/09/2025
پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈنے پنجاب کے ضلع اٹک میں واقع ڈھوک سلطان-03 کنویں میں تیل اور گیس کے نئے ذخائر دریافت کئے ہیں۔
پی پی ایل کے مطابق ڈھوک سلطان بلاک میں ہونے والی تاریخی دریافت نہ صرف پی پی ایل اور اس کے شراکت دار گورنمنٹ ہولڈنگز پرائیویٹ لمیٹڈ کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے بلکہ پوٹھوہار خطے میں قدرتی طور پر فریکچرڈ کاربونیٹ میں تیل کی دوسری گہری دریافت ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ دریافت ارضیاتی، جیو طبیعاتی اور ریزروائر انجینئرنگ ڈیٹا کے تجزیوں اور انضمام کا نتیجہ ہے جس سے کنویں کے ڈیزائن کو بہتر بنا کر کھدائی کی دشواریوں پر قابو پایا گیا ہے۔
پی پی ایل نے آپریٹر کی حیثیت سے 75 فیصد اور جی ایچ پی ایل 25 فیصد کاروباری شراکت کے ساتھ 18 جنوری 2025 کو ڈھوک سلطان03 کی کھدائی کا آغاز کیا تھا اور 5،815 میٹر کی گہرائی تک کھدائی کی گئی۔
ایم ڈی اور سی ای او پی پی ایل عمران عباسی نے کہا کہ یہ دریافت پی پی ایل کی مہارت، استقامت اور توانائی کے تحفظ کے عزم کا ثبوت ہے جو ادارے کی جدید تکنیکی صلاحیت کا اظہار ہے۔ اس دریافت سے درآمدی توانائی پر ملک کے انحصار میں کمی اور قیمتی زرمبادلہ کی بچت ممکن ہوسکے گی۔