
31/05/2025
مسکان ویلفیئر فاؤنڈیشن کی کابینہ کی ایک اہم میٹنگ 29 مئی 2025 کو باغ میں ایک نجی ہوٹل پر منعقد ہوئی۔
الحمدللہ، حالیہ میٹنگ میں مسکان ویلفیئر فاؤنڈیشن کے مختلف امور پر تفصیل سے بات چیت کی گئی۔ تمام ممبرز کو ان کی ذمہ داریاں واضح طور پر سونپی گئی ہیں اور اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ ہر فرد اپنی ذمہ داری کو مکمل دیانت داری اور مستقل مزاجی کے ساتھ ادا کرے۔
میٹنگ میں ڈونیشنز کے حصول پر خاص فوکس کیا گیا، کیونکہ کسی بھی فلاحی ادارے کے لیے مالی وسائل بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ تاہم اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ صرف چندہ اکٹھا کرنے تک محدود نہ رہا جائے، بلکہ عوام الناس کو یہ آگاہی بھی دی جائے کہ مسکان ویلفیئر فاؤنڈیشن باغ میں باقاعدہ طور پر لانچ کر دی گئی ہے اور یہ ادارہ خالصتاً انسانی بھلائی، خدمت اور رفاہ عامہ کے جذبے سے کام کر رہا ہے۔
ایک مرکزی پروگرام کے انعقاد پر بھی گفتگو ہوئی جس کا جلد ہی مکمل لائحہ عمل طے کیا جائے گا، ان شاء اللہ۔ اس پروگرام کا مقصد فاؤنڈیشن کے مشن کو عام کرنا اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کو اس کارِ خیر میں شامل کرنا ہے۔
مزید برآں، میٹنگ میں یہ بھی طے کیا گیا کہ مرد اور خواتین دونوں کے علیحدہ علیحدہ گروپس میں ایسے افراد کو شامل کیا جائے گا جو مالی تعاون کرنے کی استطاعت رکھتے ہوں، تاکہ فاؤنڈیشن کے منصوبے مستقل بنیادوں پر جاری رہ سکیں۔
اللہ تعالیٰ ہمیں اخلاص، نیتِ خیر اور عمل کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔