01/12/2025
اسلام آباد
یوتھ کلب ایک ایسی باوقار اور متحرک تنظیم ہے جو مذہبی و اسلامی اسکالرز کی سرپرستی میں نوجوان نسل کی فکری و عملی تربیت کے لیے سرگرمِ عمل ہے۔ اس ادارے نے بے راہ روی، فحاشی، بدنظری اور بالخصوص مایوسی جیسے مہلک امراض سے نوجوانوں کو نکال کر ان کی زندگیوں میں دین کی اصل روح بیدار کرنے میں انتہائی اہم اور نمایاں کردار ادا کیا ہے۔
یوتھ کلب نوجوانوں کو دین و دنیا کے حسین توازن کے ساتھ ایک باوقار اور باعمل اسلامی زندگی گزارنے کے بنیادی اصول نہایت خوبصورتی سے سکھا رہا ہے — اور یہ سفر آج بھی پوری اخلاص کے ساتھ جاری ہے۔
یہ میری سعادت اور خوش بختی ہے کہ یوتھ کلب اسلام آباد کے زیرِ اہتمام منعقدہ ایک روزہ نشست "بدلو خود کو" میں شرکت کا موقع ملا جہاں مجھے طہ ابن جلیل بھائی، مغیرہ لقمان بھائی، ابو سعد بھائی اور یوتھ کلب کے بانی و چیف ایگزیکٹو راجہ ضیاء الحق بھائی سے ملاقات کا شرف حاصل ہوا۔
یہ ملاقاتیں صرف لمحاتی نہیں بلکہ دل و روح کو بدل دینے والی تھیں۔
یوتھ کلب کے تحت منعقد کئے جانے والے سٹڈی سرکلز، وزٹس، ایونٹس، ہفتہ وار کلاسز اور دیگر مثبت سرگرمیاں نوجوانوں کو نہ صرف صحت مند انٹرٹینمنٹ فراہم کرتی ہیں بلکہ انہیں عملی زندگی میں اسلامی اصولوں کے مطابق چلنے کے لیے قیمتی رہنمائی بھی دیتی ہیں۔
خصوصاً یوتھ کلب کی پوڈکاسٹ ایک ایسا روح پرور پلیٹ فارم ہے جہاں قرآن کی روشنی، دعاؤں کی خوشبو اور امید افزا گفتگو انسان کے دل میں نیا حوصلہ، نئی سمت اور خود کو بہتر بنانے کا جذبہ بیدار کرتی ہے۔
اللہ رب العزت سے دعا ہے کہ وہ ہمیں اپنی زندگیوں کو اسلامی تعلیمات کے مطابق ڈھالنے کی توفیق عطا فرمائے اور ہمیشہ نیک لوگوں کی صحبت نصیب کرے۔
آمین یا رب العالمین
゚