23/05/2024
رپورٹ :
(محمد ثناألحق)بیورو چیف آزاد کشمیر
ویمن یونیورسٹی آف آزاد جموں وکشمیر باغ کی تعمیر کے لیے سی۔ ڈی۔ڈبلیو۔ پی پلاننگ کمیشن آف پاکستان سے خطیر رقم کاریوائزڈ پراجیکٹ منظور کر لیا گیا ہے. وائس چانسلر میریٹوریس پروفیسر ڈاکٹر عبد الحمید کی بہترین حکمت عملی، بروقت فیصلہ سازی اور شبانہ روز محنت بارآور ثابت ھوئی اور ان مشکل حالات میں پلاننگ کمیشن آف پاکستان سے ایک خطیر رقم کی منظوری باالخصوص اہلیانِ باغ اور بالعموم اہلیان کشمیر کے لئیے باعث مسرت ہے. جس پر حکومت پاکستان کا دل کی عمیق گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتے ہیں کہ ہر مشکل وقت میں آزاد کشمیر کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے. ویمن یونیورسٹی باغ کی تعمیر پاکستان انجنیئرنگ کونسل کے مقرر کردہ معیار کے مطابق ھو رہی ہے اور جامعہ خواتین باغ نے دیرینہ حل طلب مسائل اور محرومیوں کے ازالے کے لیے کوشاں ہے۔ چانسلر جامعات و صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور حکومت آزاد کشمیر کا ریاست کی خواتین کو اعلی تعلیم کی سہولیات کی فراہمی کے ویثرن کو عملی جامعہ پہنانے کی کاوشیں جاری رہیں گی اور ویمن یونیورسٹی باغ کو ایک معیاری تعلیمی ادارہ بنایا جائے گا۔ جامعہ خواتین باغ کی جاری تعمیر کے لیے اسلام آباد پلاننگ کمیشن آف پاکستان میں سی۔ ڈی۔ ڈبلیو۔ پی کے منعقدہ اجلاس جس کی صدارت ڈپٹی چیئرمین جہانزیب خان پلاننگ کمیشن کر رہے تھے. اجلاس میں فیڈرل سیکرٹریز کے علاوہ جائنٹ چیف اکانومسٹ،ممبران،چیف صاحبان،ہائر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد،ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم،ڈائریکٹر مانیٹرنگ نوید شاہ اور ویمن یونیورسٹی باغ کی طرف سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبد الحمید نے اپنی ٹیم ڈائریکٹر پلاننگ،ڈائریکٹر ورکس اور ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ کے ہمراہ شرکت کی۔ ویمن یونیورسٹی باغ کی تعمیر کے لیے ایک ارب 80کروڑ کی خطیر رقم کی منظوری ہوئی جس سے ایک اکیڈمک بلاک،لائبریری، کیفے ٹیریاکی تعمیر جاری ہے، ایک سٹوڈنٹس ہاسٹل،ملٹی پرپزہال اور میڈیکل سنٹر کی تعمیر ہو گی اس کے علاوہ ایک ارب 20کروڑ روپے کی لاگت سے ایڈمنسٹریٹو بلاک،سٹوڈنٹ ہاسٹل،اکیڈمک بلاک اور دیگر ضروریات پر ایک الگ سے پی۔ایس۔ڈی۔پی کے منظور شدہ پراجیکٹ پر کام تیزی سے جاری ہے حکومت آزاد کشمیر کی طرف سے 18کروڑ کی منظور شدہ گرانٹ سے باونڈری وال بنی پساری اور ساہلیاں پر کام تیزی سے جاری ہے۔ ساہلیاں ملدیالاں میں طالبات کی سپورٹس سرگرمیوں کے لیے 50کنال زمین خرید کی جا چکی ہے۔ وائس چانسلر میریٹوریس پروفیسر ڈاکٹر عبد الحمید نے اس امر کا اظہار کیا کہ انشا اللہ چانسلر جامعہ و صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی لیڈرشپ میں بہت جلد یونیورسٹی کی تعمیر مکمل کی جائے گی اور تعمیر کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ ہو گا۔ رئیس جامعہ نے چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد ستارہ امتیاز و ہلال امتیاز اور ان کی ٹیم کا جامعہ کے لیے فنڈز مختص کرنے اور منظوری پر شکریہ ادا کیا. جامعہ کی پلاننگ اینڈ ورکس کی ٹیم صاحبزادہ محمد زاہد ڈائریکٹرپلاننگ و خزانہ دار،سید طیب گردیزی ڈائریکٹر ورکس اور بشارت حسین ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ کی کارکردگی کو سراہا۔بالخصوص سابق ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ جامعہ خواتین اور موجودہ ڈپٹی پلاننگ چیف پلاننگ کمیشن آف پاکستان محمد ظہیر کی جامعہ خواتین باغ کے حوالہ سے خدمات کو سراہااور ان کا شکریہ ادا کیا۔ وائس چانسلر نے کہا کہ یہ باغ کے عوام کی خوش قسمتی ہے کہ حکومت پاکستان کی طرف سے اتنی خطیر رقم خواتین کے لیے قائم اعلیٰ تعلیمی ادارہ کے لیے مختص اور منظور کی گئی، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ بڑے بھائی کا کردار ادا کیا اور اپنے مسائل کے باوجود آزاد کشمیر کے معاملات کو اولین ترجیحات پر رکھا. پراجیکٹ کی منظوری سے نہ صرف ضلع باغ بلکہ آزاد کشمیر کے دیگر علاقوں کی خوتین زیور تعلیم سے آراستہ ہوں گی اور حکومت آزاد کشمیر کی ویمن ایجوکیشن اور ایمپاورمنٹ کے ویثرن کی تکمیل ہو گی۔ ضرورت اس امر کی ہے باغ اور دیگر علاقوں کے والدین بچیوں کو حصول تعلیم کے لیے خواتین کے لیے قائم کردہ اس ادارے میں داخل کروائیں اور مستفید ہوں۔ادارے میں بہترین تعلیمی ماحول قائم کیا گیا ہے اور انتہائی قابل اور اعلی تعلیم یافتہ ٹیچنگ فیکلٹی ہائر کرنے کے ساتھ ساتھ معیاری تجربہ گاہیں قائم کی گئی ہیں۔ والدین کو بچیوں کے بہتر کیرئیر کے لیے ایسی درسگاہ کا انتخاب کرنا چاہیے جہاں اچھی ریسرچ لیبارٹریز کے ساتھ پی۔ ایچ۔ڈی اساتذہ موجود ہوں اور ایسے اداروں سے گریز کرنا چاہیے جہا ں اچھی فیکلٹی اور تجربہ گاہوں کی سہولیات نہ ہوں تا کہ بچیوں کے مستقبل پر سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ رئیس جامعہ نے ویمن یونیورسٹی کی تعمیر کے حوالے سے سول سوسائٹی کے مثبت کردار کو سراہا اور تعمیر میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے عدلیہ اور ڈسٹرکٹ منیجمنٹ کا شکریہ ادا کیااور اس امر کا اظہار کیاکہ سول سوسائٹی اس منفرد ادارے کی تعمیر میں معاونت جاری رکھے گی تا کہ تعمیر کے تمام مراحل کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جا سکے۔