03/08/2026
سید کاظم حسین شاہ 18 مئی 1962 کو مانسہرہ کے خوبصورت گاؤں پیراں میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم گورنمنٹ پرائمری سکول پیراں سے حاصل کی۔ کم عمری ہی سے ذہانت، محنت اور شوقِ تعلیم ان کی نمایاں خصوصیات تھیں۔ ضلع بھر کے چھٹی جماعت کے میرٹ امتحان میں پہلی پوزیشن اور صوبائی سطح پر آٹھویں جماعت کے میرٹ اسکالرشپ امتحان میں کامیابی نے ان کے روشن مستقبل کی بنیاد رکھی۔
1979 میں گورنمنٹ ہائی سکول خیرآباد سے ایس ایس سی کا امتحان اعزازی نمبروں کے ساتھ فرسٹ ڈویژن میں کامیاب ہوئے۔ بعد ازاں ملازمت کے ساتھ ساتھ اپنی تعلیم جاری رکھی اور نجی امیدوار کے طور پر ایم اے اردو کی ڈگری حاصل کی۔
یکم جون 1980 کو انہوں نے گورنمنٹ ہائی سکول پارس سے بطور سینیئر ٹیچر محکمۂ تعلیم خیبر پختونخوا میں اپنی سرکاری ملازمت کا آغاز کیا۔ تقریباً 42 سال تک مختلف تعلیمی اداروں میں تدریسی خدمات انجام دینے کے بعد 18 مئی 2022 کو گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول پیراں (GHSS پیراں) سے باعزت ریٹائر ہوئے۔ اپنی پوری ملازمت کے دوران وہ دیانت داری، محنت اور اعلیٰ تدریسی صلاحیتوں کے باعث اساتذہ اور طلبہ میں یکساں طور پر عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھے جاتے رہے۔