
19/07/2025
بجلی کیوں گرتی ہے
بادلوں میں بجلی یعنی برقی چارج اس لیے پیدا ہوتا ہے کہ زمین سے گرم ہوا اوپر کی طرف اٹھ رہی ہوتی ہے جو اپنے ساتھ بادل میں موجود برف کی کرسٹلز اور چھوٹے چھوٹے پانی کے قطرے اوپر کی طرف اٹھا لے جاتی ہے- اس کے برعکس اوپر کے بادلوں میں موجود بڑے بڑے قطرے کشش ثقل کی وجہ سے زمین کی طرف گر رہے ہوتے ہیں۔ اوپر جاتے برف کے کرسٹلز ہوا اور نیچے گرتے پانی کے قطروں سے رگڑ کھاتے ہیں تو ان سے الیکٹران خارج ہوتے ہیں جو نیچے گرتے پانی کے قطروں میں منتقل ہو جاتے ہیں۔ اس طرح بادلوں میں نیچے کی طرف منفی چارج اور اوپر کی طرف مثبت چارج اکٹھا ہونے لگتا ہے-
بادلوں کے نیچے جب منفی چارج اکٹھا ہوتا ہے تو الیکٹرک فیلڈ پیدا ہوتا ہے جو زمین کی سطح پر موجود الیکٹرانز کو پرے دھکیلنے لگتا ہے جس سے زمین کی سطح پر مثبت چارچ اکٹھا ہونے لگتا ہے- اس طرح بادلوں کے نچلے حصے اور زمین کی سطح ایک بیٹری کی طرح کام کرنے لگتی ہے جس سے الیکٹروسٹیٹک فیلڈ پیدا ہوتا ہے۔ جب یہ الیکٹروسٹیٹک فیلڈ ایک حد سے بڑھات ہے تو ہوا کے ایٹموں میں سے الیکٹران خارج کرنے لگتا ہے۔ اس طرح ہوا کے ایٹم یکایک چارجڈ پلازمہ کی شکل اختیار کر لیتے ہیں جو بجلی کا بہت عمدہ کنڈکٹر ہوتا ہے- اس طرح بادلوں اور زمین کے درمیان ایک شارٹ سرکٹ پیدا ہوتا ہے جس سے بادلوں اور زمین کے درمیان کروڑوں ایمیپئر کرنٹ فلو کرتا ہے- اسے ہم بجلی گرنا کہتے ہیں-
محمداظہرشیخ