19/08/2025
*مبارک پور میں "اگاہی پاکستان"* *ادارے کی غریب عوام سے بدسلوکی، قرضوں *کے نام پر بلیک میلنگ کا انکشاف*
مبارک پور (کرائم رپورٹر: زوہیب علی آرائیں)
ضلع بہاولپور کی تحصیل احمد پور شرقیہ کے گنجان آباد قصبہ مبارک پور میں عوامی شکایات پر انکشاف ہوا ہے کہ "اگاہی پاکستان" نامی ایک نجی ادارہ، جو بظاہر غریب عوام کو مالی معاونت کے لیے قرض فراہم کرتا ہے، درحقیقت سودی کاروبار میں ملوث ہے اور قرض واپس کرنے کے باوجود بھی بلیک میلنگ جیسے ہتھکنڈے استعمال کرتا ہے۔
مقامی شہریوں کے مطابق، ادارے سے منسلک نادیہ حمید نامی خاتون نمائندہ نہ صرف روزانہ کی بنیاد پر گھروں میں جا کر تذلیل آمیز رویہ اختیار کرتی ہیں بلکہ خواتین کے گھریلو تقدس کو پامال کرتے ہوئے گالم گلوچ اور دھمکی آمیز زبان کا استعمال بھی معمول بنا چکی ہیں۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اگر کوئی فرد ان کے خلاف شکایت درج کروانے کی کوشش کرے تو نادیہ حمید انہیں تھانے کچہریوں اور معاشرتی بےعزتی کی دھمکیاں دیتی ہیں۔ اس صورت حال نے علاقے کی غریب عوام کو شدید ذہنی اذیت میں مبتلا کر رکھا ہے اور قصبہ مبارک پور میں عوام سراپا احتجاج ہیں۔
مقامی افراد نے اعلیٰ حکام، ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ نادیہ حمید اور اس جیسے اداروں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ معاشرے کے غریب اور بےبس طبقے کو استحصال سے نجات دلائی جا سکے۔
اہل علاقہ کا مزید کہنا ہے کہ یہ صرف ایک ادارہ نہیں، بلکہ اس نوعیت کی کئی اور نام نہاد بینکیں اور مالیاتی ادارے بھی سودی قرضوں کے ذریعے عوام کا استحصال کر رہے ہیں، جن کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ Zohaib Baba