14/04/2023
فیصل آباد:سٹی ہاوسنگ سوسائٹی سرگودھا روڈ میں ایک جھوٹا دعویٰ نبوت کرنیوالی خاتون کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔ دعویٰ نبوت کرنیوالی خاتون ثناءکی لاہور میں موجودگی بتائی جاتی ہے جبکہ فیصل آباد میں اس کی بہن حنا جھوٹی نبی کی تعلیمات کو عام کرتی رہی۔ فیصل آباد میں موجود حنا کے جھوٹا نبی ہونے کی اطلاع عام ہونے پر شہریوں کی بڑی تعداد نے اس کے گھر کو گھیر لیا اور پتھراؤ شروع کردیا۔ پتھراؤ سے گھر اور گاڑی کو نقصان پہنچا تاہم کوئی زخمی نہیں ہوا۔ اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور جھوٹی نبی کی مددگار خاتون حنا اور اسکی فیملی کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔ تفصیل کے مطابق گزشتہ روز شہریوں کی بڑی تعداد نے سٹی ہاوسنگ میں موجود ایک گھر کوگھیر لیا اور گھر کے مکینوں کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے پتھراؤ شروع کردیا۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ اس گھر کی خاتون خانہ نبوت کا جھوٹا دعویٰ کرتی ہے اور اس کی تعلیمات اسلام کے منافی ہیں۔ یہ بھی سامنے آیا کہ مذکورہ خاتون سوشل میڈیا کو استعمال کرکے اپنی تعلیمات عام کررہی ہے اور اسکی تعلیمات اسلام کے منافی ہیں۔ ہنگامہ آرائی کی اطلاع ملنے پر مقامی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ معاملے کی نذاکت سامنے آنے پر بعد ازاں سی پی او فیصل آباد اور دیگر افسران بھی موقع پر پہنچ گئے۔ سی پی او فیصل آباد نے موقع پر تقریر کرکے شہریوں کا غصہ ٹھنڈا کیا اور خاتون کو قانون کے مطابق سزا دلوانے کی یقین دہانی کرائی اور گھر میں موجود حنا نامی خاتون اور اس کی فیملی کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ زیر حراست خاتون حنا نے پولیس کو دئیے ابتدائی بیان میں بتایا کہ اس کی بہن ثناءان تعلیمات کی بانی ہے جبکہ وہ اپنی بہن کی پیروکار اور اس کام میں مددگار ہے۔ پولیس نے توہین رسالت کے معاملے کی رپورٹ درج کرلی ہے ۔اس حوالے سے سی پی او فیصل آبادعلی ناصر رضوی کا کہنا ہے کہ اس گروہ کا سراغ لگایا جائے گا اور اس میں ملوث تمام افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔