07/06/2026
آج منعقدہ جانی خیل قومی جرگہ میں جانی خیل سٹوڈنٹس سوسائٹی کے صدر عادل وزیری نے قوم کے مشران، نوجوانوں اور شرکاء کے سامنے تفصیلی بریفنگ پیش کی۔
اپنے خطاب کے آغاز میں صدر نے جانی خیل قوم کے تمام افراد، مشران اور نوجوانوں کو خراجِ تحسین پیش کیا جو شدید گرمی کے باوجود ایک ہی چھت تلے اپنی قوم کے بہتر مستقبل اور اجتماعی مفاد کے لیے موجود رہے۔
صدر نے کہا کہ جانی خیل سٹوڈنٹس سوسائٹی بنیادی طور پر طلبہ کی تنظیم ہے، جس کے اراکین اپنی تعلیمی سرگرمیوں میں مصروف ہوتے ہیں۔ اس وجہ سے ہر جرگہ اور ہر قومی سرگرمی میں مستقل شرکت ممکن نہیں، تاہم JSS ہمیشہ اپنی قوم کے ساتھ کھڑی رہے گی اور اپنی استطاعت کے مطابق قومی معاملات میں کردار ادا کرتی رہے گی۔
انہوں نے نورنگ خیل میں پیش آنے والے حالیہ افسوسناک اور دردناک واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ صدر نے کہا کہ متاثرہ خاندان اس وقت شدید مالی مشکلات اور غربت کا سامنا کر رہے ہیں، جس پر JSS نے فوری توجہ دی۔
صدر نے شرکاء کو آگاہ کیا کہ واقعے کے اگلے ہی دن ضلعی انتظامیہ نے جانی خیل سٹوڈنٹس سوسائٹی کو اسسٹنٹ کمشنر سب ڈویژن وزیر، بنوں کے دفتر طلب کیا، جہاں ہونے والی ملاقات میں اس امر پر اتفاق ہوا کہ متاثرہ خاندانوں کے لیے امدادی پیکیج فراہم کرنے کی کوشش کی جائے تاکہ ان کی مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔
صدر عادل وزیری نے واضح کیا کہ JSS نے قومی جرگہ کے فیصلے کا انتظار کیا اور ہمیشہ کی طرح اپنی قوم کے اجتماعی فیصلوں کا احترام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو فیصلہ قوم اور مشران کریں گے، جانی خیل سٹوڈنٹس سوسائٹی اس کی مکمل حمایت کرے گی۔
جرگہ کے دوران مشران نے صدر عادل وزیری اور جانی خیل سٹوڈنٹس سوسائٹی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ طلبہ قوم کا مستقبل ہیں، اس لیے انہیں ہر وقت جرگوں اور دیگر غیر نصابی سرگرمیوں میں مصروف رکھنے کے بجائے اپنی تعلیم پر توجہ دینی چاہیے تاکہ ان کا قیمتی وقت ضائع نہ ہو، کیونکہ یہ دراصل پوری قوم کا نقصان ہوگا۔
مشرانِ قوم اور جرگہ نے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ رابطوں اور دیگر قومی معاملات کی ذمہ داری خود سنبھالتے ہوئے JSS کو ہدایت دی کہ وہ طلبہ کے حقوق، تعلیمی مسائل اور نوجوانوں کی فلاح و بہبود پر اپنی توجہ مرکوز رکھے، جبکہ امن و امان اور دیگر قومی امور کے لیے قوم کے مشران موجود ہیں۔ جرگہ نے یقین دہانی کرائی کہ جب بھی قوم کو ضرورت محسوس ہوگی، جانی خیل سٹوڈنٹس سوسائٹی سے رابطہ کیا جائے گا۔
آخر میں صدر عادل وزیری نے تمام شرکاء، مشران اور قوم کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ جانی خیل سٹوڈنٹس سوسائٹی ہر مشکل وقت میں اپنی قوم کے ساتھ کھڑی رہے گی۔
جانی خیل سٹوڈنٹس سوسائٹی قومی جرگہ کے تمام متفقہ فیصلوں کی مکمل حمایت کا اعلان کرتی ہے اور اپنی قوم کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔
جانی خیل سٹوڈنٹس سوسائٹی (JSS)