
23/07/2025
بچے کو جان سے مارنے والا افغانی نکلا
اچھڑیاں ق ت ل کیس: معصوم سفیان کا کٹا ہوا سر بھی برآمد، سفاک قاتل گرفتار – علاقہ سوگ میں ڈوب گیا اچھڑیاں کیمپ میں بےدردی سے ق ت ل ہونے والے 9 سالہ سفیان کے کٹے ہوئے سر کی برآمدگی کے بعد واقعہ مزید ہولناک صورت اختیار کر گیا ہے۔
بچے کی لاش ندی سے ملی تھی، مگر اس کا سر غائب تھا۔ اب اس کا سر اور چپل بستی کے عقب میں واقع ایک خالی چار دیواری سے برآمد کر لیے گئے ہیں۔ یہ مقام جائے وقوعہ کے قریبی علاقے میں واقع ہے، جہاں قاتل نے شواہد چھپانے کی کوشش کی۔
واقعے نے نہ صرف مقامی آبادی بلکہ پورے ضلع مانسہرہ میں خوف، غم اور بے یقینی کی کیفیت پیدا کر دی ہے۔ ہر دل سوگوار ہے اور ہر آنکھ اشکبار۔
ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور نے متاثرہ خاندان کے گھر جا کر ان سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور یقین دہانی کروائی کہ انصاف کی فراہمی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔
انہوں نے جائے وقوعہ کا بھی دورہ کیا اور تفتیشی ٹیم سے بریفنگ لی۔
پولیس نے اس اندوہناک قتل کیس میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے افغان مہاجر نجیب اللہ ولد کاظم کو گرفتار کر لیا ہے، جس نے دورانِ تفتیش سفیان کے قتل کا اعتراف بھی کر لیا ہے۔
ملزم کے خلاف مقدمہ علت نمبر 395 زیر دفعہ 302/34 تھانہ بفہ میں درج کر لیا گیا ہے، اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔
متاثرہ خاندان کے نانا محمد عمران اور چچا بدر منیر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اُن کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں تھی، مگر جو ظلم ان کے معصوم بچے کے ساتھ ہوا ہے، وہ ناقابلِ بیان ہے۔ انہوں نے ریاستی اداروں اور عدالت سے مطالبہ کیا کہ قاتل کو جلد از جلد عبرتناک سزا دی جائے تاکہ دوسروں کے لیے مثال بنے۔
ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور کا کہنا تھا:
یہ واقعہ صرف ایک بچے کا قتل نہیں، پوری انسانیت پر وار ہے۔ مانسہرہ پولیس متاثرہ خاندان کے ساتھ ایک محافظ کے طور پر کھڑی ہے، اور قاتل کو اس کے انجام تک پہنچایا جائے گا
اس افسوسناک واقعے نے علاقہ اچھڑیاں، بفہ اور اردگرد کے عوام کو گہرے صدمے میں مبتلا کر دیا ہے۔ شہریوں اور سماجی تنظیموں نے اس واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے انصاف کا فوری مطالبہ کیا ہے۔