07/10/2026
بٹگرام (شیر خان بیورو رپورٹ) اباسین ڈویژن کے قیام اور خیبرپختونخوا کی تقسیم کے خلاف آواز تورغر تک بھی پہنچ گئی۔ تحریک اباسین ڈویژن کی مرکزی قیادت کا ایک وفد سابق ڈی آئی جی ریاض خان کی قیادت میں ضلع تورغر پہنچا، جہاں وفد نے ضلع کے عمائدین سے ملاقات کی۔وفد میں سابق ایم پی اے شاہ حسین خان، سابق صوبائی وزیر بخت نواز خان، نیاز تھاکوٹ، ایاز طورخیلی، شوکت حیات نندیاڑی، صدیق شیدائی اور دیگر رہنما شامل تھے۔ ضلع تورغر کے صدر مقام جدبا پر منعقدہ ایک بڑے گرینڈ جرگے سے خطاب کرتے ہوئے سابق ڈی آئی جی ریاض خان اور دیگر مقررین نے کہا کہ اباسین ڈویژن کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے۔ بٹگرام، تورغر، کوہستان اور شانگلہ کے عوام ایک جیسے رسم و رواج اور ثقافت کے حامل ہیں، اس لیے ان اضلاع پر مشتمل الگ ڈویژن کا قیام علاقے کی تعمیر و ترقی، خوشحالی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے ضروری ہے۔مقررین نے خیبرپختونخوا کی تقسیم کو دوٹوک الفاظ میں مسترد کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کی تقسیم کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی اور یہ معاملہ ان کی ریڈ لائن ہے۔ جرگے میں ضلع تورغر کے عمائدین نے بٹگرام سے آنے والے وفد کا ضلع تورغر آمد پر انکا شکریہ ادا کیا اور وفد کو یقین دلایا کہ وہ تحریک اباسین ڈویژن کے موقف کی مکمل تائید و حمایت کرکے تقسیم پختونخوا کی سازش کسی صورت بھی نہیں ہونے دینگے،