28/10/2025
ایف ون دوہرے قتل کیس، ایس ایس پی میرپور خرم اقبال کی سربراہی میں پولیس کی بڑی کامیابی — واقعہ ٹریس، سہولت کار گرفتار
ایس ایس پی میرپور خرم اقبال کی قیادت میں پولیس نے ایف ون دوہرے قتل کیس میں اہم پیشرفت کرتے ہوئے واقعہ کو ٹریس کر لیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق یہ قتل مکمل منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا تھا، تاہم میرپور پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے کیس کی گتھی سلجھا لی۔
پولیس نے واقعہ میں ملوث چار مقامی سہولت کاروں کو گرفتار کر لیا ہے جن میں سے دو کا تعلق میرپور جبکہ ایک کا تعلق بھمبر سے بتایا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق ملزمان کے ایک ساتھی کو پولیس نے واردات کے چند گھنٹوں کے اندر ہی گرفتار کر لیا تھا۔ مزید یہ کہ قاتلوں کو برنالہ کے ایک ڈیرے پر پناہ دی گئی تھی، جس کے مالک کو بھی آج پولیس نے حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔
ایس ایس پی میرپور خرم اقبال نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پولیس جلد ہی اصل شوٹرز کو گرفتار کر لے گی، جس کے بعد کیس کی تمام تفصیلات عوام کے سامنے لائی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ خود اس کیس کی نگرانی کر رہے ہیں، اور ملزمان کو زمین کی تہہ سے بھی نکال لیا جائے گا۔ جو کوئی بھی اس واردات میں ملوث پایا گیا، اس کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ایس ایس پی خرم اقبال نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ خوف و ہراس کا شکار نہ ہوں، پولیس شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے۔ انہوں نے مقامی مالکان کو ہدایت کی کہ وہ پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں، غیر مقامی افراد کی رجسٹریشن میں کسی قسم کی غفلت نہ برتیں، کیونکہ نئی پالیسی کے تحت غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف بھی مقدمات درج کیے جائیں گے۔
ایف ون دوہرے قتل کیس میں میرپور پولیس کی بروقت کارروائی کو شہریوں کی جانب سے سراہا جا رہا ہے، اور عوام نے امید ظاہر کی ہے کہ جلد ہی قاتل قانون کی گرفت میں ہوں گے۔کاپی