26/09/2025
بھمبر:ڈپٹی کمشنر چوہدری حق نواز کی سربراہی میں پولیس و مجسٹریٹس کا فلیگ مارچ, ڈپٹی کمشنر بھمبر چوہدری حق نواز کی سربراہی میں پولیس اور مجسٹریٹس کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں میں فلیگ مارچ کیا گیا۔ فلیگ مارچ کا مقصد امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنا، عوام میں تحفظ اور اعتماد کا پیغام دینا اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لیے ادارہ جاتی تیاریوں کو مزید مؤثر بنانا تھا۔فلیگ مارچ میں پولیس افسران، مجسٹریٹس اور ضلعی انتظامیہ کے دیگر ذمہ داران شریک تھے۔ مارچ ڈی سی آفس سے شروع ہوا اور بائی پاس روڈ، سماہنی چوک، میرپور چوک، شاہین چوک سمیت شہر کے مختلف اہم مقامات سے گزرا۔ اس موقع پر سکیورٹی اہلکاروں نے مکمل الرٹ رہتے ہوئے علاقے کا گشت کیا۔ڈپٹی کمشنر چوہدری حق نواز نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہیں۔ فلیگ مارچ کے ذریعے یہ پیغام دیا جا رہا ہے کہ امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور کسی بھی قسم کی قانون شکنی برداشت نہیں کی جائے گی۔