
27/06/2025
گاؤں پنجتار تحصیل خدوخیل کے نوجوان طالب علم کا اعزاز
گاؤں پنجتار تحصیل خدوخیل ضلع بونیر کا ایک تاریخی اور علمی لحاظ سے مالا مال گاؤں ہے، یہ گاؤں ہمیشہ سے باصلاحیت، محنتی اور باوقار شخصیات کی سرزمین رہی ہے۔ اسی تاریخی گاؤں سے تعلق رکھنے والے ایک اور درخشاں ستارے حارث خان کا ذکر کیے بغیر یہ داستانِ کامیابی مکمل نہیں ہو سکتی۔ وہ جناب احسان اللّٰہ خان (ریٹائرڈ پولیس سب انسپکٹر)کے فرزند اور پنجتار کے چشم و چراغ ہیں۔
حارث خان نے "مینوفیکچرنگ" کے شعبے میں غلام اسحاق خان انجنئیرنگ یونیورسٹی سے انجینئرنگ ڈگری حاصل کی ہے، اور خاص طور پر جدید سائنسی میدان "Shape Memory Material Technology" میں اپنی قابلیت کا لوہا منوایا ہے۔ یہ ٹیکنالوجی ایسی اشیاء پر کام کرتی ہے جو درجہ حرارت یا دباؤ میں تبدیلی کے بعد اپنی اصل شکل میں واپس آ جاتی ہیں، اور اس کا استعمال میڈیکل، ایرو اسپیس، روبوٹکس اور اسمارٹ ڈیوائسز میں تیزی سے بڑھ رہا ہے۔حارث خان نہ صرف علمی طور پر ایک باکمال نوجوان ہیں بلکہ وہ انتہائی تابعدار، بااخلاق اور سنجیدہ طبیعت کے مالک بھی ہیں۔ ان کی محنت، عاجزی اور تابعداری انہیں پنجتار اور بونیر کے نوجوانوں کے لیے ایک مثالی رول ماڈل بناتی ہے۔
بونیر جیسے خوبصورت مگر وسائل سے محروم علاقے سے تعلق رکھنے والے نوجوان کا اتنی جدید سائنسی ٹیکنالوجی میں مہارت حاصل کرنا نہ صرف علاقے بلکہ پورے پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہے۔
ہم امن نیوز ٹیم کے جانب سے حارث خان اور ان کے خاندان کو مبارکباد پیش کرتے ہیں اور دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ حارث خان کو مزید کامیابیاں عطا فرمائے، ان کے علم و عمل سے ملک و ملت کو فائدہ ہو، اور پنجتار جیسے علمی و تاریخی گاؤں کا نام مزید روشن ہو۔