27/09/2025
مریم نواز شریف منگل کو چکوال کا دورہ کریں گی
چکوال: وزیرِ اعلی پنجاب مریم نواز شریف منگل (30 ستمبر) کو چکوال کا دورہ کریں گی۔ اپنے دورے کے دوران مریم نواز شریف یونیورسٹی آف چکوال میں ہونہار طُلبا میں لیپ ٹاپ تقسیم کریں گی اور سینٹر آف ایکسیلینس چکوال کا باضابطہ افتتاح بھی کریں گی۔ وزیرِ اعلی پنجاب کی طرف سے ڈسرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کا معائنہ بھی متوقع ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے ایک افسر نے تھری اسٹارز میڈیا گروپ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ غالب امکان ہے منگل تک چکوال میں پندرہ الیکٹرک بسیں بھی پہنچ جائیں گی اور وزیرِ اعلی عوام کے لیے سستی اور معیاری نقل و حرکت کے لیے فراہم کی گئی اس بس سروس کا بھی افتتاح کریں گی۔ ضلعی انتظامیہ نے ان پندرہ الیکٹرک بسوں کے روٹس طے کر دیے ہیں۔ ان روٹس میں ڈھڈیال سے چکوال، بلکسر سے چکوال، نیلہ دولہہ سے چکوال، بھون سے چکوال، جھاٹلہ جسوال سے چکوال اور ملہال مغلاں سے چکوال شامل ہیں۔ الیکٹرک بسیں چونکہ پہاڑی علاقوں کے لیے قابلِ عمل نہیں ہوں گی اس لیے چوآ سیدن شاہ اور کلرکہار کے علاقوں میں اس بس سروس کے چلنے کے امکانات نہیں ہیں۔ چکوال کی طرح تلہ گنگ کو بھی پندرہ الیکٹرک بسیں فراہم کی جائیں گی۔
ضلعی انتظامیہ نے وزیرِ اعلی کے دورے کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے اور اس حوالے سے آج ڈپٹی کمشنر آفس میں ایک اعلی سطحی اجلاس ہوا ہے۔ اگرچہ ضلعی انتظامیہ نے وزیرِ اعلی سیکریٹیریٹ میں وزیرِ اعلی کے آمدہ دورے کا شیڈول بھیج دیا ہے، تاہم ذرائع کے مطابق وزیرِ اعلی مریم نواز شریف شیڈول سے ہٹ کر کسی بھی سرکاری ادارے کا سرپرائز دورہ بھی کر سکتی ہیں۔