03/08/2026
2اگست کے آزاد کشمیر الیکشنز 2026 ۔۔۔ چکوال میں شفاف، پُرامن اور مثالی انتخابی عمل نے نئی تاریخ رقم کر دی
الیکشن کیڈر کی اولین افسر ماہ نور کی مؤثر قیادت، جدید مینجمنٹ، فول پروف سیکیورٹی اور غیرجانبدارانہ انتظامات کو حکومتی و اپوزیشن جماعتوں نے یکساں طور پر سراہا۔
صفدر ملک | خصوصی رپورٹ و انٹرویو
| وائس چیئرمین عوامی پریس کلب چکوال رجسٹرڈ | ڈائریکٹر بولتا پاکستان اور دھن 84 چینل
جمہوریت صرف ووٹ ڈالنے کا نام نہیں، بلکہ ایک ایسا منظم، شفاف اور قابلِ اعتماد نظام ہے جس میں ریاستی اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیت، غیرجانبداری اور انتظامی مہارت عوام کے اعتماد کی بنیاد بنتی ہے۔ آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات کے دوران ضلع چکوال میں قائم کیے گئے پولنگ مراکز نے اسی اعتماد کی ایک روشن مثال پیش کی، جہاں انتخابی عمل نہ صرف مکمل طور پر پُرامن رہا بلکہ تمام سیاسی جماعتوں نے بھی اس کی شفافیت، غیرجانبداری اور بہترین انتظامات کو کھلے دل سے سراہا۔
اس کامیابی کے پس منظر میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ماہ نور کی منظم قیادت، جدید انتخابی مینجمنٹ، بروقت منصوبہ بندی اور پیشہ ورانہ انداز نمایاں رہا، جس نے ثابت کیا کہ جب ادارے جدید تربیت یافتہ قیادت کے ہاتھوں میں ہوں تو انتخابی عمل خود عوامی اعتماد کا مظہر بن جاتا ہے۔
یکم اگست کو ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کے دفتر میں ہونے والی خصوصی گفتگو میں ماہ نور نے انتخابی نظام، اپنی تعلیمی و پیشہ ورانہ تربیت، جدید الیکشن مینجمنٹ اور الیکشن کمیشن آف پاکستان میں متعارف کرائے گئے نئے الیکشن کیڈر کے حوالے سے تفصیلی اظہارِ خیال کیا۔
انہوں نے بتایا کہ 2021ء میں پہلی مرتبہ الیکشن مینجمنٹ کے لیے خصوصی پروفیشنل کیڈر تشکیل دیا گیا تاکہ انتخابی نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔ وہ اس تاریخی بیج کی اولین افسران میں شامل ہیں، جو اس اصلاحاتی عمل کا حصہ بنے۔
اس خصوصی کیڈر کی تربیت میں پاکستان کے ممتاز قومی اداروں، جن میں قومی اسمبلی، سینیٹ، نسٹ یونیورسٹی، نادرا اور دیگر اہم ریاستی ادارے شامل تھے، کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی معیار کے تربیتی پروگراموں، خصوصاً BRIDGE Institute کے ذریعے بھی جدید انتخابی انتظام، انتخابی قوانین، ڈیجیٹل الیکشن سسٹمز، سیکیورٹی مینجمنٹ، ووٹر ڈیٹا، انتخابی شفافیت، تنازعات کے حل اور انتخابی عمل کے ہر حساس مرحلے پر عملی اور تکنیکی تربیت فراہم کی گئی۔
ماہ نور نے بتایا کہ اب تک الیکشن کیڈر کے چار بیجز تربیت مکمل کر چکے ہیں، تاہم پہلے بیج سے تعلق رکھنے کے باعث انہیں انتخابی اصلاحات کے ابتدائی اور بنیادی مرحلے کا حصہ بننے کا اعزاز حاصل ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ماضی میں مختلف سرکاری محکموں سے افسران کو عارضی طور پر انتخابی ذمہ داریاں دی جاتی تھیں یا الیکشن کمیشن کے اندرونی پروموشن کے ذریعے انتظامی ڈھانچہ تشکیل پاتا تھا، جس کے باعث کئی انتظامی مشکلات بھی سامنے آتی تھیں۔ نئے خصوصی کیڈر کے قیام نے انتخابی نظم و نسق کو ایک مستقل، تربیت یافتہ اور پیشہ ورانہ بنیاد فراہم کی ہے، جس کے مثبت نتائج اب انتخابی میدان میں نمایاں دکھائی دے رہے ہیں۔
آزاد کشمیر انتخابات کے دوران ضلع چکوال میں تمام پولنگ اسٹیشنوں پر پولیس اور متعلقہ اداروں کی بروقت تعیناتی، فول پروف سیکیورٹی، انتخابی عمل کی مسلسل نگرانی، ڈیجیٹل کوآرڈینیشن، فوری رسپانس میکانزم اور ضابطۂ اخلاق پر مؤثر عملدرآمد نے پورے انتخابی ماحول کو پُرامن اور منظم رکھا۔ خوش آئند امر یہ رہا کہ پورے انتخابی عمل کے دوران کسی بھی پولنگ اسٹیشن سے کسی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
انتخابی نتائج سے قطع نظر، ضلع چکوال کی حکومتی اور اپوزیشن جماعتوں نے یکساں طور پر انتخابی انتظامات، شفافیت اور غیرجانبداری کو سراہتے ہوئے الیکشن کمیشن کی کارکردگی پر اعتماد کا اظہار کیا، جو کسی بھی انتخابی نظام کی سب سے بڑی کامیابی تصور کی جاتی ہے۔
یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ جدید تربیت، مؤثر منصوبہ بندی، تکنیکی استعداد اور غیرجانبدارانہ طرزِ عمل نے ضلع چکوال کو آزاد کشمیر انتخابات میں ایک قابلِ تقلید انتخابی ماڈل کے طور پر پیش کیا ہے۔ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ماہ نور کی قیادت اس امر کی غماز ہے کہ جب اداروں میں میرٹ، جدید مینجمنٹ اور پیشہ ورانہ تربیت کو ترجیح دی جائے تو جمہوریت مضبوط، ادارے باوقار اور عوام کا اعتماد مزید مستحکم ہوتا ہے۔
ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ماہ نور کا تفصیلی ویڈیو انٹرویو بھی پیش خدمت ہیے ۔۔۔
صفدر ملک | تحریر و انٹرویو
وائس چیئرمین عوامی پریس کلب چکوال رجسٹرڈ
ڈائریکٹر بولتا پاکستان و دھن 84 چینل