27/12/2025
صدر مملکت آصف زرداری نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ تم وہ دل گردہ کہاں سے لاؤ گے جو ہمارے سپہ سالار کا ہے۔
گڑھی خدا بخش میں بینظیر بھٹو کی 18 ویں برسی پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت آصف زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان قیامت تک چلتا رہے گا، فوج نے حکومت کی سپروژن میں بھارت کو منہ توڑ جواب دیا۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ دنیا نے اب بھی بھارت کا لحاظ کیا، ہم بھارت کے تمام جہاز گراسکتے تھے لیکن ہمارے چیف اور ایئر چیف نے بھارت پر رحم کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنا دفاع کرنا جانتے ہیں، کسی نے بھی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو آصف زرداری اور پیپلز پارٹی بیٹھی ہوئی ہے اور ہم سب جنگ کے میدان کیلئے تیار ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ بھارت کے خلاف جنگ کے دوران میرے ایم ایس نے کہا جنگ شروع ہوچکی ہے، بنکر میں چلیں، میں نے کہا لیڈر بنکر میں نہیں مرتے،شہادت آنی ہے تویہی آئے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری دھرتی ماں کو ضرورت پڑی تو اپنا جان اور مال سب کچھ لگانے کیلئے تیار ہیں۔
۔۔