07/08/2026
چیچہ وطنی: ناقص تفتیش اور ملزمان کی طرف داری پر تھانہ صدر کا اے ایس آئی گرفتار، مقدمہ درج
چیچہ وطنی (پریس ریلیز)
ڈی پی او ساہیوال محمد عثمان ٹیپو نے ناقص اور جانبدارانہ تفتیش کرنے والے افسران کے خلاف سخت ترین پالیسی اپناتے ہوئے تھانہ صدر چیچہ وطنی کے تفتیشی افسر اے ایس آئی رستم علی کے خلاف مقدمہ درج کرا کے اسے گرفتار کروا دیا۔
تفصیلات کے مطابق اے ایس آئی رستم علی نے ایک مقدمے میں ملزمان کو ناجائز فائدہ پہنچانے کی غرض سے ناقص اور جانبدارانہ تفتیش کی، جس کی وجہ سے ملزمان کی ضمانتیں کنفرم ہوئیں۔ ایس ڈی پی او چیچہ وطنی کی جانب سے تفتیشی افسر کی بدنیتی اور ناقص تفتیش کے بارے میں حتمی رپورٹ ڈی پی او افسر کو ارسال کی گئی تھی، جس پر ڈی پی او ساہیوال نے فوری نوٹس لیتے ہوئے قانونی کارروائی کا حکم دیا۔
اس موقع پر ڈی پی او ساہیوال محمد عثمان ٹیپو نے واضح کیا کہ ضلع بھر میں میرٹ کے خلاف یا جانبدارانہ تفتیش کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ آئندہ اسٹینڈنگ بورڈ یا کسی بھی انکوائری کے دوران جس اہلکار یا افسر کی بدنیتی ثابت ہوئی، اس کے خلاف بلاامتیاز مقدمہ درج کر کے گرفتاری عمل میں لائی جائے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ انصاف کے تقاضوں کی پامالی اور اختیارات کا ناجائز استعمال ناقابلِ معافی جرم ہے۔ ساہیوال پولیس شفافیت اور قانون کی بالادستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی، اور فرائض میں غفلت یا بددیانتی کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف سخت محکمانہ و قانونی اقدامات جاری رہیں گے۔