
10/07/2025
چلاس (راجہ اشفاق طاہر سے)
ڈپٹی کمشنر دیامر کیپٹن (ریٹائرڈ) عطاء الرحمن کاکڑ کی دعوت پر سیکٹر کمانڈر ایس سی او گلگت بلتستان کرنل کاشف بابوسر ٹاپ پہنچے۔ بابوسر اور دونگ کے علاقوں میں گزشتہ کئی دنوں سے ایس سی او کی موبائل سروس معطل تھی۔
اس موقع پر کرنل کاشف نے بابوسر میں واقع اے پی اے ہاؤس میں علاقے کے عمائدین سے ملاقات کی، ان کے ساتھ بیٹھ کر مسائل سنے اور ایس سی او کی جانب سے یقین دہانی کرائی کہ ایک ہفتے کے اندر اندر بابوسر ایریا میں موبائل سروس مکمل طور پر بحال کر دی جائے گی۔
کرنل کاشف نے عوام سے درخواست کی کہ وہ ایس سی او کے اثاثوں کو اپنی ذاتی املاک سمجھ کر ان کی حفاظت کریں تاکہ یہ سہولت طویل عرصے تک برقرار رہے۔ ڈپٹی کمشنر دیامر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام اور اداروں کے درمیان ایک مؤثر پل کا کردار ادا کرے گی تاکہ عوام کو بنیادی سہولیات بروقت فراہم کی جا سکیں۔
علاقے کے عوامی حلقوں نے ایس سی او کی جانب سے دی جانے والی یقین دہانی اور ڈپٹی کمشنر دیامر کی اس عوامی مسئلے کے حل میں خصوصی دلچسپی کو سراہتے ہوئے کرنل کاشف اور ڈپٹی کمشنر دونوں کو خراجِ تحسین پیش کیا