
16/04/2025
عمران خان کی بچوں سے بات اور ذاتی ڈاکٹرز سے معائنے کی درخواستیں منظور
اسلام آباد: اسپیشل سینٹرل عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بچوں سے فون پر بات کرانے اور ذاتی ڈاکٹرز سے طبی معائنے کی درخواستوں پر فیصلہ سنا دیا۔
اسلام آباد کے اسپیشل سینٹرل جج شاہ ارجمند نے بانی پی ٹی آئی کی جانب سے بچوں سے فون پر بات کروانے اور ذاتی ڈاکٹرز سے طبی معائنے سے متعلق درخواستوں پر فیصلہ سنایا۔
عدالت نے دونوں درخواستیں منظور کرتے ہوئے اپنے فیصلے میں کہا کہ رواں سال اور گزشتہ سال جیل حکام کو بانی پی ٹی آئی کی ہفتہ وار بچوں سے واٹس ایپ پر بات کروانے کا حکم دیا تھا، لہٰذا اڈیالہ جیل سپرنٹنڈنٹ عدالتی احکامات پر عمل درآمد کریں۔
عدالتی حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ جیل حکام واٹس ایپ کال سے متعلق تعمیلی رپورٹ عدالت میں جمع کروائیں۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ جیل میں موجود ڈاکٹرز کی موجودگی میں بانی پی ٹی آئی کے ذاتی ڈاکٹرز کو طبی معائنہ کرنے دیا جائے اور طبی معائنے سے متعلق تعمیلی رپورٹ 28 اپریل کو عدالت میں جمع کروائی جائے۔