07/07/2025
چونیاں: یومِ عاشورہ کا مرکزی جلوس مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ پُرامن طور پر اختتام پذیر ضلعی و تحصیل انتظامیہ، پولیس، ریسکیو اور دیگر اداروں کی شاندار کارکردگی، عوام کا خراجِ تحسین
چونیاں (علی رضاجٹ)
چونیاں میں یومِ عاشور کے موقع پر مرکزی جلوس روایتی مذہبی عقیدت، احترام اور نظم و ضبط کے ساتھ مقررہ راستوں سے گزرتا ہوا پُرامن طور پر پیر جہانیاں میں اختتام پذیر ہو ہؤا۔ جلوس میں عزادارانِ حسینؑ کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جو نوحہ خوانی، ماتم، زنجیر زنی اور سینہ زنی کرتے ہوئے شہدائے کربلا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے رہے۔جلوس کے دوران "لبیک یا حسینؑ" اور "یا عباسؑ مدد" کے نعروں سے فضا معطر رہی، جبکہ پورے علاقے میں امن، اتحاد اور مذہبی ہم آہنگی کی مثال قائم رہی۔ انتظامات کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر قصور، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈی پی او، ڈی ایس پی سرکل چونیاں ہل، ایس ایچ او تھانہ سٹی چونیاں اور دیگر متعلقہ ادارے مکمل طور پر فعال اور الرٹ رہے۔ جلوس کے روٹس پر فول پروف سیکیورٹی کا انتظام کیا گیا، داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کی گئی اور ہر مرحلے کی نگرانی جدید کیمروں کے ذریعے کی گئی۔ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے متبادل راستے فراہم کیے گئے، جبکہ ریسکیو 1122، محکمہ صحت اور سول ڈیفنس کے اہلکار ہر مقام پر موجود رہے۔ کسی بھی ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے فری میڈیکل کیمپ اور ایمبولینس سروسز بھی جلوس کے ہمراہ فراہم کی گئیں۔ ضلعی اور تحصیل انتظامیہ کی جانب سے صفائی، روشنی، پانی اور دیگر سہولیات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا گیا۔ شہریوں اور مذہبی حلقوں نے عاشورہ کے پُرامن اور باوقار انعقاد پر ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔