14/10/2025
عدالت عالیہ نے نومنتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے حلف سے متعلق فیصلہ جاری کرتے ہوئے بلاتاخیر حلف لینے کا حکم دیا ہے۔
چیف جسٹس ہائیکورٹ نے خیبر پختونخوا کے نئے وزیراعلیٰ کے حلف سے متعلق درخواست پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے نومنتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سے بلا تاخیر حلف لینے کا حکم جاری کرتے ہوئے گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی کو بدھ کی شام 4 بجے حلف لینے کی ہدایت کی ہے۔
چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ نے فیصلے میں مزید کہا ہے کہ اگر گورنر حلف نہیں لیتے تو پھر اس میں تاخیر نہ کی جائے اور اسپیکر نئے وزیراعلیٰ سے حلف لیں۔
چیف جسٹس نے فیصلے میں مزید کہا کہ علی امین گنڈاپور اسمبلی فلور پر کہہ چکے ہیں کہ وہ اپنے منصب سے استعفیٰ دے چکے ہیں اور کے پی اسمبلی نے نئے وزیراعلیٰ کا انتخاب کیا ہے۔
عدالتی فیصلے کے بعد گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کا بیان بھی آ گیا ہے۔ اس بیان میں ان کا کہنا ہے کہ میں نے کبھی بھی حلف لینے سے انکار نہیں کیا اور ہمیشہ یہی کہا ہے کہ آئین اور قانون پر عملدرآمد کریں گے۔ آج رات ہر صورت کے پی پہنچ جاوں گا۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ گورنر کے پاس اپنا طیارہ نہیں ہوتا۔ میں نے وزیراعلیٰ سندھ سے درخواست کی ہے کہ اپنا طیارہ فراہم کریں۔ بلاول بھٹو سے کان میں ہونے والی باتیں آپ کو نہیں بتا سکتا۔
دوسری جانب پی ٹی آئی نے عدالتی فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس کو جمہوریت اور قانون کی فتح قرار دیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے فیصلے کے بعد علی امین گنڈاپور نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے منصب سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
تین روز قبل کے پی اسمبلی نے پی ٹی آئی کے نامزد کردہ رکن اسمبلی سہیل آفریدی کو بھاری اکثریت سے نیا وزیراعلیٰ منتخب کیا تھا۔ انہیں 90 ووٹ ملے تھے جب کہ اپوزیشن نے انتخابی عمل کا بائیکاٹ کیا تھا۔
تاہم علی امین گنڈاپور کے استعفیٰ اور گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی کے صوبے کے باہر ہونے کو جواز بناتے ہوئے نومنتخب وزیراعلیٰ کے حلف میں تاخیر کرنے پر پی ٹی آئی نے پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔ جس نے آج صبح درخواست کی سماعت کرتے ہوئے فیصلہ محفوظ کر لیا تھا، جو چند گھنٹے بعد سنا دیا گیا۔