27/10/2025
📢ڈیرہ اسماعیل خان👇👇
ڈیرہ اسماعیل خان میں خواتین کی صحت کے شعبے میں ایک بڑا قدم — پہلا جدید میموگرافی سے لیس بریسٹ کینسر اسکریننگ سینٹر ڈی ایچ کیو ویمن ہسپتال میں قائم کر دیا گیا۔
افتتاحی تقریب میں ڈین گومل میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر نسیم صبا اور ہسپتال ڈائریکٹر ڈاکٹر فَرّخ جمیل نے مشترکہ طور پر فیتہ کاٹ کر سینٹر کا افتتاح کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر نسیم صبا نے کہا کہ یہ سینٹر بریسٹ کینسر کی ابتدائی تشخیص کے لیے جدید سہولت فراہم کرے گا تاکہ بیماری کو کلینیکل علامات ظاہر ہونے سے پہلے ہی پہچانا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ “کینسر صرف مریض ہی نہیں بلکہ پورے خاندان کے لیے ذہنی صدمہ ہوتا ہے، مگر جدید ٹیکنالوجی کی بدولت اب بروقت تشخیص اور مؤثر علاج ممکن ہو چکا ہے۔”
ڈاکٹر نسیم کے مطابق روبوٹک میموگرافی نظام سے چھاتی کے سرطان کے ابتدائی مرحلے میں تشخیص ممکن ہو گی، جس سے اموات میں کمی اور علاج کے نتائج بہتر ہوں گے۔
ہسپتال ڈائریکٹر ڈاکٹر فَرّخ جمیل نے بتایا کہ سینٹر میں ڈیجیٹل میموگرافی، الٹراساؤنڈ، ریڈیولوجی گائیڈڈ بایوپسی سمیت مکمل بریسٹ کیئر سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی عوامی صحت کے لیے وژن کا عملی اظہار ہے۔
ڈاکٹر فَرّخ نے چالیس سال سے زائد عمر کی خواتین سے اپیل کی کہ وہ اپنی صحت کو ترجیح دیں اور بروقت اسکریننگ کرائیں، کیونکہ ابتدائی مرحلے میں تشخیص شدہ مریضوں کی بقا کی شرح 90 فیصد تک ہوتی ہے۔
ڈیرہ اسماعیل خان کے ویمن ہسپتال میں جدید بریسٹ کینسر اسکریننگ سینٹر کا قیام جنوبی خیبر پختونخوا کے لیے ایک تاریخی سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے، جو خواتین کو مفت اور جدید تشخیصی سہولیات فراہم کرے گا۔