21/11/2025
*ڈیرہ اسماعیل خان—الخیر ایڈورٹائزر کے سائن بورڈز پر تحصیل میونسپل کی کارروائی، بقایاجات کی عدم ادائیگی پر پینا فلیکس اتار دیے گئے*
ڈیرہ اسماعیل خان میں الخیر ایڈورٹائزر نامی نجی ایڈورٹائزنگ ایجنسی کی جانب سے شہر بھر میں نصب کیے گئے متعدد سائن بورڈز کی تحصیل میونسپل کی ماہانہ قسطیں طویل عرصے سے ادا نہ کیے جانے پر محکمہ حرکت میں آگیا۔ خالی لال کارڈ کے ذریعے کام چلانے اور واجبات کلیئر نہ کرنے کی شکایات کے بعد ٹھیکے دار سائن بورڈ ملک محیب کی جانب سے تحصیل میونسپل افسر اور تحصیل ریگولیشن افسر کے نام باضابطہ درخواست جمع کرائی گئی۔
درخواست موصول ہونے پر تحصیل میونسپل افیسر محمد حنیف نے فوری ایکشن لیتے ہوئے تحصیل ریگولیشن افسر محمد عقیل کو کارروائی کے لیے واضح احکامات جاری کیے۔ احکامات کے بعد تحصیل ریگولیشن ٹیم نے موقع پر پہنچ کر پہلے مرحلے میں الخیر ایڈورٹائزر کے متعدد سائن بورڈز سے پینا فلیکس اتار دیے، جبکہ اگلے مراحل میں مزید قانونی کارروائی بھی متوقع ہے۔
کارروائی کے بعد شہر کے تاجروں، شہریوں اور سول سوسائٹی نے تحصیل میونسپل کے اقدام کو سراہتے ہوئے اسے قابلِ تعریف قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن اپنے قوانین پر اسی طرح سختی اور تسلسل کے ساتھ عمل درآمد شروع کر دے تو شہر کے بہت سے مسائل ازخود کم ہونا شروع ہو جائیں گے۔
علاقائی حلقوں کا کہنا ہے کہ سائن بورڈز اور دیگر شعبوں میں واجبات کی باقاعدہ ریکوری نہ صرف میونسپل قوانین کے نفاذ کو مضبوط کرے گی بلکہ محکمہ کے مالی مسائل—خصوصاً اہلکاروں کی تنخواہوں کے بحران—میں بھی خاطر خواہ کمی لائی جا سکتی ہے۔