14/08/2026
ڈیرہ اسماعیل خان: ڈیرہ پریس کلب میں یوم آزادی پاکستان کے حوالے سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا،جس میں صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب میں ڈی ایس پی سٹی صغیر گیلانی،ڈی ایس پی ٹریفک چن شاہ اور ایس ایچ او کینٹ غفار خان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی،جبکہ پریس کلب کے عہدیداران اور صحافی بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ پاکستان بڑی قربانیوں اور جدوجہد کے نتیجے میں حاصل کیا گیا،اس لیے آزادی کی قدر و منزلت کو سمجھنا اور ملک کی سلامتی،استحکام اور ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔ مقررین نے پاک فوج،پولیس اور دیگر سکیورٹی اداروں کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ڈی ایس پی سٹی صغیر گیلانی نے کہا کہ آزادی ایک بہت بڑی نعمت ہے،جس کی قدر ان اقوام سے پوچھی جا سکتی ہے جو آج بھی مختلف مشکلات اور بحرانوں کا شکار ہیں۔ ڈی ایس پی ٹریفک چن شاہ نے کہا کہ پاکستان بے شمار قربانیوں کے بعد حاصل ہوا،اس لیے ہمیں اس کی حفاظت،امن اور استحکام کے لیے متحد ہو کر اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ پاکستان ایک نظریاتی ریاست ہے جو کلمۂ طیبہ کی بنیاد پر قائم ہوئی،ملک کی سلامتی اور دفاع کے لیے پاک فوج،پولیس اور دیگر سکیورٹی اداروں کی قربانیاں قابل تحسین ہیں۔ تقریب کے اختتام پر یوم آزادی کا کیک بھی کاٹا گیا،جبکہ شرکاء نے پاکستان کی سلامتی،ملک اور ڈیرہ شہر میں امن،قومی یکجہتی اور ملکی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی۔