25/10/2025
*ضلع چکوال میں افغانیوں کی ایک بڑی تعداد کا میڈیکل ویزوں پر واپسی کا اانکشاف، دوبارہ اپنے کاروبار بحال کرلیے*
ڈھڈیال: ضلع چکوال میں افغانیوں کی ایک بڑی تعداد کا میڈیکل ویزوں پر واپسی کا اانکشاف، دوبارہ اپنے کاروبار بحال کرلیے۔ حکومتی احکامات پر جہاں ملک بھر میں افغان تارکین وطن کی بیدخلی کےلیے آپریشن جاری ہے وہاں رضاکارانہ طور پر واپسی کے لیے دی گئی ڈیڈ لائن کے خاتمہ کے بعد ضلع بھر سے افغانیوں کو گرفتار کرکے انہیں طورخم بارڈر پر منتقل کرنے کا سلسلہ جاری ہے لیکن اس دوران ضلع چکوال میں رہنے والے افغانیوں کی ایک بڑی تعداد کا میڈیکل اور دیگر مختلف ویزوں پر واپس آکر دوبارہ اپنے کاروبار بحال کرنے کی اطلاعات ملی ہیں۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ افعانی تین ماہ کے میڈیکل اور وزٹ ویزے لگوا کر دھڑا دھڑ واپس آرہے ہیں اور یہاں ان کی تعداد میں کمی کے کوئی آثار نہیں آرہے۔ علاوہ ازیں عوام کی جانب سے پولیس پر ان تارکین وطن کی سہولت کاری کا الزام بھی عائد کیا جارہا ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ دیہات ، بھٹوں اور آبادیوں سے باہر ان تارکین وطن کی ایک بڑی تعداد رہائش پذیر ہے جنہیں پولیس ابھی تک گرفتار کرنے میں ناکام نظر آرہی ہے۔ عوامی حلقوں نے تارکین وطن کے خلاف جاری مہم پر پولیس کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔