
07/07/2025
کبھی رات کے سناٹے میں پورے چاند کو غور سے دیکھا ہے؟
وہ خاموش ہوتا ہے، مگر دل پر کچھ کہہ جاتا ہے۔
بس ویسے ہی حضرت عباسؑ ہیں۔ بنی ہاشم کا روشن چاند— خاموش مگر بولتے ہوئے۔
یہ وہ ہستی ہیں جن کی تلوار میان میں ہی بے چین رہی کہ اذنِ جنگ نہ تھا، مگر زباں پر حرفِ شکایت نہ آیا… جن کی آنکھیں بھیگیں، مگر دامن میں وفا ہی وفا لٹائی۔
وہ علمدارؑ، جنہوں نے وفا کی وہ لکیر کھینچی، جو آج تک کوئی عبور نہ کر سکا۔ جنہوں نے پیاس کے کنارے جا کر پانی کو ہاتھوں میں لیا، مگر یاد حسینؑ آ گئی، جنہوں نے علم اُٹھایا تو حق کا نشان بن گئے، اور جب شہادت پائی، تو شہادت خود فخر سے سر جھکا گئی۔
کربلا کی ملکوتی تصویر میں ہر عکس ایسا ہے کہ دیکھتے نظریں جم جائیں مگر عکسِ مولا عباسؑ ہے کہ آنکھیں چُندھیا جائیں۔
مولا عباسؑ فقط حضرت علیؑ کے بیٹے نہیں، بلکہ وہ بیٹے ہیں جو شجاعت کی زبان اور وفا کا مفہوم بن گیا۔
کوئی انھیں “باب الحوائج” کہتا ہے،
کوئی “قمرِ بنی ہاشم” —
مگر میرے دل میں وہ کرم نوازی و بندہ پروری کا وہ سمندر ہیں جس کے ساحل پر میری دعائیں آ کر بیٹھتی ہیں۔
یا عباسؑ! ہمیں بھی اپنی وفا کے قافلے میں شامل فرما…
کہ ہم بھی اپنے امام زمانہؑ کے انتظار میں تیرا عَلَم اٹھا سکیں۔