
11/07/2025
ناجائز رکشہ سٹینڈز کے خلاف بلاتفریق کریک ڈاؤن جاری رہیگا، عزت رسول
ڈنگہ شہر میں کسی کو ناجائز پارکنگ یا رکشہ سٹینڈ بنانے کی اجازت نہیں، جو بھی ٹریفک کے بہاؤ میں خلل ڈال کر شہریوں کیلئے پریشانی کا باعث بنے گا اسے سرکاری مہمان بنا کر حوالات کی سیر کروائی جائیگی۔
ان خیالات کا اظہار سیکٹر انچارج ٹریفک پولیس ڈنگہ عزت رسول مختار نے بوہڑ چوک میں رکشہ ڈرائیورز کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔
انھوں نے مزید کہا کہ بوہڑ چوک میں ہر قسم کی پارکنگ منع ہے، رکشہ، ہتھ ریڑھی، پک اپ، بس، مزدا اور ہنڈائی سمیت ہر قسم کی ٹریفک کا داخلہ منع ہے۔ میونسپل کمیٹی کی جانب دو بازاروں میں لگائے گئے بیرئیرز کے پاس کسی کو پارکنگ کی اجازت نہیں جو رکشہ ممنوعہ اوقات صبح نو سے شام 6 بجے کے دوران بازار میں پکڑا گیا اسکے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔
سیکٹر کمانڈر عزت رسول مختار نے مزید کہا کہ گزشتہ روز رانگ پارکنگ اور ناجائز اڈہ بناکر شہریوں و دکانداروں کیلئے پریشانی کا باعث بننے والے ایک درجن رکشوں بمع ڈرائیورز کو تھانہ صدر ڈنگہ میں پابند کیا گیا تھا جنھوں نے معززین علاقہ کی موجودگی میں تحریری یقین دہانی کروائی ہے کہ وہ آئندہ کبھی بھی بوہڑ چوک اور مین بازار میں داخل نہیں ہونگے جس پر انھیں عارضی ریلیف دیا گیا ہے۔ ناجائز اڈوں کو بالکل برداشت نہیں کیا جائیگا۔ عوام کی خدمت اور سہولت اولین ترجیح ہے، عوامی مفاد پر قطعاً سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔ رکشہ ڈرائیورز خواتین، بزرگوں، دکانداروں اور شاپنگ کیلئے آنے والے شہریوں کا احترام کریں۔