
09/07/2025
ٹریفک پولیس لوئر دیر کا ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن جاری
کمسن ڈرائیورز، کالے شیشے، غیر نمونہ نمبر پلیٹس، بغیر ہیلمٹ ڈرائیونگ اور غلط پارکنگ کرنے والوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں
ٹریفک پولیس لوئر دیر کی جانب سے ضلع بھر میں ٹریفک قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف مؤثر کریک ڈاؤن جاری ہے۔ اس مہم کے دوران کمسن ڈرائیورز، غیر نمونہ نمبر پلیٹس، بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں، غلط پارکنگ اور گاڑیوں میں کالے شیشوں کے استعمال پر سخت ایکشن لیا جا رہا ہے۔
ڈی ایس پی ٹریفک لوئر دیر شیر حسن خان کی نگرانی میں جاری اس مہم کے دوران اب تک درجنوں خلاف ورزیوں پر کارروائیاں عمل میں لائی گئی ہیں، جبکہ کمسن ڈرائیورز کے والدین سے بیاناتِ حلفی بھی لیے جا رہے ہیں تاکہ وہ آئندہ اپنے بچوں کو ڈرائیونگ سے روکنے کے پابند ہوں۔
انچارج ٹریفک پولیس لوئر دیر شاد محمد خان نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے نابالغ بچوں کو گاڑی یا موٹر سائیکل چلانے سے ہر صورت روکیں تاکہ وہ خود بھی محفوظ رہیں اور دوسروں کی زندگیوں کو بھی خطرے میں نہ ڈالیں۔
عوامی شکایات کے پیش نظر غلط پارکنگ، کالے شیشے، بغیر لائسنس گاڑی چلانے اور غیر قانونی نمبر پلیٹس کے خلاف بھی کریک ڈاؤن تیز کر دیا گیا ہے، اور متعلقہ خلاف ورزیوں پر جرمانے اور قانونی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔
ترجمان ٹریفک پولیس لوئر دیر کے مطابق یہ مہم آئندہ بھی جاری رہے گی اور ٹریفک قوانین کی پاسداری کو ہر سطح پر یقینی بنایا جائے گا۔