17/08/2025
وفاق المدارس العربیہ ملاکنڈ ڈویژن کا اجلاس
جامعہ مدنیہ اماندرہ بٹخیلہ میں وفاق المدارس العربیہ ملاکنڈ ڈویژن کے تمام مسؤلین کا اجلاس صوبائی ناظم خیبر پختونخوا حضرت مولانا حسین احمد صاحب کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں علاقائی ناظم اور مسؤل سوات لوئیر حضرت مولانا قاری محب اللہ صاحب، وفاق المدارس کے رکنِ عاملہ حضرت مولانا قاری طاہر صاحب سمیت ڈویژن کے تمام مسؤلین شریک ہوئے۔
اجلاس سے قبل علاقائی ناظم حضرت مولانا قاری محب اللہ صاحب نے مسؤلین کرام سے مشاورت کی، ان کی آراء لیں اور مختلف انتظامی و تعلیمی مسائل پر تفصیلی گفتگو فرمائی۔ اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا۔
بعد ازاں صوبائی ناظم حضرت مولانا حسین احمد صاحب نے تمام مسؤلین کا شکریہ ادا کیا۔ آپ نے ملاکنڈ ڈویژن میں حالیہ سیلاب کے باعث جاں بحق ہونے والے مسلمانوں کے لئے دعائے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا فرمائی۔ اسی طرح مولانا مفتی عثمان بدر صاحب کی والدہ مرحومہ کے انتقال پر دوبارہ تعزیت پیش کی اور مرحومہ کے لئے ایصالِ ثواب کی دعا کی۔
خطاب کے دوران حضرت مولانا حسین احمد صاحب نے نہایت اہم نکات پر روشنی ڈالی۔ آپ نے امتحانی نظم و ضبط اور وفاق المدارس کی طرف سے طے شدہ اصول و ضوابط کی پاسداری کی ضرورت پر زور دیا۔ مزید برآں آپ نے مدارس کے داخلی نظم و نسق میں بہتری، طلبہ کی علمی و اخلاقی تربیت، شعبۂ حفظ میں اصلاحات اور بنات کے مدارس کی ضروریات و مسائل پر بھی جامع گفتگو فرمائی۔
خطاب کے اختتام پر صوبائی ناظم نے تدریبات کے حوالے سے رائے طلب کی۔ تمام مسؤلین نے متفقہ طور پر اس تجویز کو سراہا اور عزم ظاہر کیا کہ عنقریب ملاکنڈ ڈویژن کے تمام اضلاع میں تربیتی پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔ ان تربیتی نشستوں میں صوبائی ناظم حضرت مولانا حسین احمد صاحب بنفسِ نفیس شریک ہوں گے۔ ان شاءاللہ
آخر میں علاقائی ناظم حضرت مولانا قاری محب اللہ صاحب نے تمام مسؤلین کا شکریہ ادا کیا، خصوصاً مولانا مفتی عثمان بدر صاحب کا خصوصی ذکر کیا جنہوں نے تمام مہمانانِ گرامی کی بہترین انداز میں خاطر مدارت کی۔
✍🏻راحت اللہ مدنی