15/08/2025
باجوڑ: سلارزئی کے دورافتادہ علاقے جبرآڑی میں لینڈ سلائیڈنگ، 30 افراد لاپتہ، 11 لاشیں برآمد
ضلع باجوڑ کی تحصیل سلارزئی کے پہاڑی علاقے جبرآڑی میں شدید بارشوں کے باعث خوفناک لینڈ سلائیڈنگ سے بڑے پیمانے پر جانی نقصان ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق تقریباً 30 افراد ملبے تلے دب گئے، جن میں سے 11 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں ایک ہی خاندان کے 5 معصوم بچے بھی شامل ہیں۔
ڈپٹی کمشنر باجوڑ کے احکامات پر علی الصبح اسسٹنٹ کمشنر خار ڈاکٹر صادق خان متاثرہ علاقے پہنچے اور امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا۔ ریسکیو 1122 کے اہلکاروں اور مقامی رضاکاروں نے مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے لاشوں کو ملبے سے نکالا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام جاری ہے، تاہم مسلسل بارشوں کے باعث امدادی کارروائیوں میں شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ علاقے میں فضا سوگوار ہے اور ہر آنکھ اشکبار دکھائی دے رہی ہے۔