
15/08/2025
گورنمنٹ بوائز ہائر سیکنڈری اسکول میں طلباء کی غیر حاضریوں کا انکشاف
والدین کی عدم دلچسپی اور انتظامی کمزوریاں تعلیمی معیار کو متاثر کر رہی ہیں
راج محل یو سی قمروٹی (نمائندہ خصوصی) گورنمنٹ بوائز ہائر سیکنڈری اسکول قمروٹی میں طلباء کی حاضری اور تعلیمی پیریڈز کے حوالے سے سنگین لاپروائی سامنے آئی ہے۔ ذرائع کے مطابق والدین اور اسکول انتظامیہ کے درمیان مؤثر رابطے کی کمی کے باعث متعدد طلباء غیر تعلیمی اور غلط سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے ہیں۔
ایک باشعور تعلیمی ماہر نے، نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر، بتایا کہ تعلیم چار پہیوں — طالبعلم، استاد، والدین اور کمیونٹی — پر چلتی ہے، اور اگر ایک بھی پہیہ پنچر ہو جائے تو تعلیمی سفر رک جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ والدین کی عدم دلچسپی کی وجہ سے تعلیمی معیار شدید متاثر ہو رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق حالیہ دنوں ایک طالبعلم بازار میں گھومتا پایا گیا، جو دو ماہ سے اسکول نہیں آ رہا تھا۔ اس کے والد دبئی میں مقیم ہیں اور اس بات سے لاعلم تھے۔ ایک سماجی کارکن نے ذاتی کوشش سے والدین کو اطلاع دی، جس کے بعد طالبعلم دوبارہ اسکول آنے لگا۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سات برسوں میں صرف چھ سے آٹھ خاندان ہی ایسے ہیں جن کا اسکول کے ساتھ باقاعدہ رابطہ ہے۔ کمیونٹی مینجمنٹ کمیٹی کی غیر فعال حیثیت بھی تعلیمی مسائل میں اضافے کا باعث بنی ہے۔
ماہرین تعلیم نے سفارش کی ہے کہ والدین اور اسکول کے درمیان رابطہ مضبوط کرنے کے لیے ایس ایم ایس الرٹ سسٹم، ماہانہ میٹنگز اور حاضری کا بایومیٹرک نظام متعارف کرایا جائے تاکہ طلباء کی تعلیم میں بہتری آ سکے۔