10/10/2025
کراچی :
پاکستان پیپلز پارٹی آزاد جموں و کشمیر کی پارلیمانی کمیٹی کا اہم اجلاس زرداری ہاؤس کراچی میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت محترمہ فریال تالپور نے کی۔ اجلاس میں تمام ارکانِ پارلیمانی کمیٹی نے شرکت کی جبکہ سابق اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور سینئر رہنما قمر زمان کائرہ خصوصی دعوت پر شریک ہوئے۔
اجلاس کے آغاز میں ملک میں جاری دہشت گردی، فتنۂ تکفیریت و خوارج اور بھارت نوازی کے خلاف پاک افواج کی کامیاب جدوجہد کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ شرکاء نے شہداء کی عظیم قربانیوں کو سلامِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی اور اس فتنہ کو قومی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا۔
اجلاس نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور آزاد کشمیر کی قیادت پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملکی سلامتی و استحکام کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔
اجلاس میں راجہ پرویز اشرف اور قمر زمان کائرہ نے عوامی ایکشن کمیٹی اور حکومتی کمیٹی کے درمیان ہونے والے حالیہ مذاکرات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ارکانِ اجلاس نے اس بریفنگ کا بغور جائزہ لیا اور اس بات پر زور دیا کہ طے پانے والے معاہدے پر جلد اور مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
اجلاس نے آزاد کشمیر کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے تحریک کے دوران ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔
اجلاس میں متفقہ طور پر کہا گیا کہ سیاسی معاملات کا حل ہمیشہ مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ جمہوریت، سیاسی استحکام اور عوامی مفاد کے تقاضوں کو مدِنظر رکھتے ہوئے تمام فریقین پر زور دیا گیا کہ وہ اپنی آئینی اور سیاسی ذمہ داریاں ادا کریں۔
آخر میں اجلاس نے موجودہ صورتحال پر تفصیلی غور و خوض کے بعد پارٹی قیادت کو مکمل اختیار دیا کہ وہ موجودہ حالات کے تناظر میں جو بھی فیصلہ کرے، پارٹی اس کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہوگی۔
اجلاس میں پی پی پی آزاد و جموں کشمیر کے ممبران چوہدری محمد یاسین، سردار تنویر الیاس خان ، سردار محمد یعقوب، چوہدری لطیف اکبر، فیصل ممتاز راٹھور ، چوہدری قاسم مجید، سردار جاوید ایوب، میاں عبدالوحید ، جاوید اقبال بڈھانوی، عامر غفار لُون، بازل نقوی، چوہدری رفیق نیئر، عامر یاسین، سردار ضیا اُلقمر ،نبیلہ ایوب، جاوید بٹ اور احمد صغیر شریک ہوئے۔ اجلاس میں سینیئر رہنما چوہدری محمد ریاض بھی موجود تھے۔